صاحب پور کمال میں آل انڈیا ملی کونسل نے لگایا میڈیکل کیمپ،پانبچ سوسے زائد مریضوں کا مفت چیک اپ اوردواؤں کی فراہمی

صاحب پور کمال:17اکتوبر(پریس ریلیز)آل انڈیا ملی کونسل بیگوسرائے نے آج صاحب پور کمال میں میڈیکل کیمپ منعقد کیا،جس سے صاحب پور کمال بلاک کے مختلف گاؤں سے تقریباً ساڑھے پانچ سو لوگوں نے فائدہ اٹھایا،اس میڈیکل کیمپ میں مریضوں کا مفت جانچ اوردوائیاں بھی تقسیم کی گئیں،اس میڈیکل کیمپ سے فائدہ اٹھانے والوں میں سماج کے ہرطبقے اورہرمذہب کے لوگ شریک تھے۔ماہر امراض نسواں (گائینو)ڈاکٹر نکہت جہاں،لائف کیئر ہوسپیٹل برونی،بیگوسرائے کے مشہور معالج ڈاکٹر مصباح ندیم،ہاوے ہسپتال بلیا کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شفیع صاحب وغیرہ نے اپنی خدمات پیش کیں اورمریضوں کا علاج کیا۔ڈاکٹر شفیع صاحب نے ملی کونسل بیگوسرائے کو غریبوں میں دواکی تقسیم کے لیے بڑی مقدار میں دوائیاں دی۔اس علاقہ میں اس طرح کا میڈیکل کیمپ پہلی دفعہ لگایا گیا تھا،ملی کونسل کی کوششوں سے لگائے گئے اس میڈیکل کیمپ میں علاج کرانے کی غرض سے صاحب پور کمال بلاک کے علاوہ دیگر بلاک سے مریضوں نے آکر اپنا علاج کرایا۔اس میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں آل انڈیا ملی کونسل صاحب پور کمال بلاک کے صدرمولانا اختر اورملی کونسل کے رکن مولانا محمد علی جوہر،مولانا قاسم اورآل انڈیا ملی کونسل بہار کے آرگنائزر قاری صہیب رحمانی نے اہم کردار ادا کیا۔ان حضرات کی کوششوں سے ہی اس میڈیکل کیمپ کا انعقاد ممکن ہوسکا۔آل انڈیا ملی کونسل کا ایک شعبہ خدمت خلق ہے،اسی شعبہ کی طرف سے اس طرح کے میڈیکل کیمپ لگانے کا سلسلہ آل انڈیا ملی کونسل بہار نے شروع کیا ہے،واضح ہوکہ اس سے پہلے مظفرپور میں بھی آل انڈیا ملی کونسل مظفرپور نے مفت میڈیکل کیمپ لگایا تھا،جس نے غریب عوام کو خاطر خواہ فائدہ ہوا۔ملی کونسل پُرعزم ہے کہ بلاک اور پنچائت کی سطح پر بھی پوری ریاست میں اس طرح کے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں۔

Comments are closed.