پاکستان: عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 10 ارب روپے کا ہرجانہ دائر کرنے کا اعلان

بصیرت نیوزڈیسک
عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ’امپورٹڈ حکومت‘ کو خوش کرنے کے لیے فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں ان کا نام لیا گیا۔ اس لیے وہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 10 ارب روپے کا ہرجانہ کریں گے۔
عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میری دیانت داری پر سوال اٹھایا۔ الیکشن کمشنر کے خلاف مقدمہ درج کرواؤں گا اور ہرجانے کے پیسے نکلوا کر اسپتال میں جمع کراؤں گا۔
چیئرمین تحریکِ انصاف نے حکومت اور اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "آپ نے ان چوروں کو ڈرائی کلین کر کے ہم پر دوبارہ مسلط کر دیا ہے، پاکستانی قوم بھیڑ، بکریاں، گائے نہیں ہم انسان ہیں، خدا کے لیے پاکستانی قوم کو جانور نہ سمجھو۔”
انہوں نے کہا کہ "عوام اور فوج مل کر ملک کومضبوط کرتے ہیں۔ آپ ان چوروں کے ساتھ نہ کھڑے ہوں اور جو ان کے ساتھ کھڑا ہوگا انہی کے ساتھ رنگا جائے گا۔ ادارے تب مضبوط ہوتے ہیں جب قوم ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔”
عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ کامونکی سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔
پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کامونکی سے موڑ ایمن آباد اور پھر گوجرانوالہ جائے گا۔ عمران خان سمیت پارٹی کے مرکزی رہنما خصوصی کنٹینر پر موجود ہیں جب کہ کارکنوں کی بڑی تعداد گاڑیوں میں سوار ہیں۔
Comments are closed.