نئی نسل ہی اردو زبان کو زندہ رکھ سکتی ہے: قاضی نوید

اردو کارواں اورنگ آباد کی جانب سے یوم اقبال پربین المدارس نظم گوئ مقابلہ
ممبئی (پریس ریلیز) شاعر مشرق علامہ اقبال کی یوم ولادت کے موقع پر عالمی یوم اقبال کے ضمن میں اردو کارواں اورنگ آباد کی جانب سےبین المدارس نظم گوئی کے مقابلہ کاانعقاد عمل میں آیا جس کی صدرارت ڈاکٹر قاضی نوید احمد صدر شعبہ اردو مولانا آزاد کالج روضہ باغ نے کی۔ پروگرام کا آغاز رکن اسٹوڈنٹس کلب عائشہ مسرور کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا. بعد ازاں پروگرام کے اغراض و مقاصد اردو کارواں اورنگ آباد کی کوآرڈینیٹر شیخ نفیسہ غلام جیلانی نے پیش کی اردو کارواں کے انچارج محمد عرفان سوداگر نے علامہ اقبال پر اپنا مقالہ بڑی ہی خوش اسلوبی اور بہت ہی جامع الفاظ میں پیش کرتے ہوئے علامہ اقبال کے حالات زندگی پر روشنی ڈالی۔ صدر اردو کارواں محترم فرید احمد خان نے بھی طلباء سے خطاب کیا اور ان کی تیاری کو سراہتے ہوئے انہیں اسی طرح محنت کی ترغیب دی اور اقبال کو مزید پڑھئے کا مشورہ دیا اس کے بعد معروف نعت خواں حافظ اسرار نے علامہ اقبال کی نظم کبھی اے نوجوان مسلم مترنم آواز میں پیش کی ۔ صدر جلسہ نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کے بچپن ، تعلیم و تربیت کے ہر گوشہ اور ہر پہلو پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اردو زبان کو ہمارے بچے اور ہماری نئی نسل ہی زندہ رکھ سکتی ہیں، انہوں نے اردو کارواں کی کوششوں کو بھی سراہا.
مقابلہ میں مختلف اسکول و کالج کے طلباء نےبہت ہی بہتر انداز اور بہت ہی مترنم آواز میں علامہ اقبال کی نظمیں پیش کی۔
اردو کارواں ممبئی کی جنرل سیکریٹری پروفیسر شبانہ خان نے طلباء و طالبات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کامیاب طلباء کو مبارکباد دی اور دیگر تمام طلباء کی ہمت افزائی کی، مقابلہ کے جج مولانا مشیر ندوی ، اور جمال الدین چشتی نے بہت ہی باریکی سے مقابلہ کا مشاہدہ کیا اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کو تلفظ پر دھیان دینے اور کلیات اقبال کے مطالعہ کی تلقین کی، طلباء نے بہت ہی بہتر انداز میں اور بہت ہی مترنم آواز میں خوبصورتی کے ساتھ علامہ اقبال کی نظمیں پیش کی۔ نظامت کے فرائض فیصل الکثیری اور راشدہ کوثر رکن اردو کا رواں نے بحسن خوبی انجام دیۓ راشدہ کوثر نے اول،دوم،سوم انے والے طلباء کے ناموں کا اعلان کیا ۔ صدر جلسہ ڈاکٹر نوید صدیقی کے علاوہ حا ضرین نے اردو کارواں کی کوششوں کو سراہا، آخر میں صدیقی اسنٰی فاطمہ ممبر اردو کارواں کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ اس مقابلہ میں اردو کارواں کے ممبران ڈاکٹر مخدوم، ڈاکٹر نشاط نائرہ، اشفاق قریشی کے علاوہ اسٹوڈنٹس کلب کے ممبران ، علم دوست حضرات وسرپرستان موجود تھے.
Comments are closed.