Baseerat Online News Portal

والدین اپنے بچوں کو قرآنی تعلیمات ضروردلائیں

مدرسہ مدینۃ العلم میں تکمیل قرآن کریم کے موقع پر منعقد دعائیہ نشست میں مفتی وقاص ہاشمی کا خطاب

دیوبند،22؍ نومبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
مدرسہ مدینۃ العلم میں زیر تعلیم محمدو سیم عثمانی کے صاحبزادے محمد ہمام عثمانی کے قرآن پاک حفظ مکمل کرنے پر ادارہ میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے سرکردہ افراد نے شرکت کی اور بچے کو دعاؤں سے نوازا۔ اس موقع پر ادارہ روح رواں مفتی وقاص ہاشمی نے حفظ مکمل کرنے والے طالب علم محمد ہمام اور اس کے والدین اور استاذ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بڑے خوش نصیب ہوتے ہیں وہ والدین جن کے بچے قرآ ن پاک حفظ مکمل کرتے ہیں اوریہ ایک عظیم دولت ہے، جس سے دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ جب جب مسلم قوم نے قرآن کریم کو چھوڑا اور دنیا کی تعلیم کو مقدم سمجھا تو ذلت ورسوائی ان کامقدربنی۔ آج بھی تقریباً ہم اسی دور سے گزر رہے ہیں اس لئے مسلمانوں کو قرآن کریم کی تعلیم پر ہر حال میں توجہ دینی چاہئے تبھی ہم کامیابی وکامرانی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ قرآن کریم ہمارے لئے راہ ہدایت ہے، جنہوںنے قرآن کریم کو اپنا نصب العین بنایا انہوں نے دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے بچوں میں دینی تعلیم کا رجحان پیدا کرنا ہوگا۔ مفتی وقاص ہاشمی نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن کی تعلیم ضرور دلائیں اس میں ہی ان کی بھلائی ہے، پروگرام کی نظامت قاری مظاہر حسن نے کی ۔ اس موقع پر رضوان ایڈوکیٹ ، حافظ سلمان انصاری، محمد نوید صدیقی، حاجی نجم عثمانی، حافظ عمر الٰہی، حافظ راشد قیصر، ڈاکٹرعاطف ہاشمی ، ربیع ہاشمی ، سلمان رمزی، حافظ کاشف عثمانی وغیرہ موجود رہے۔

Comments are closed.