امریکہ : چھ سالہ بچے نے ٹیچر کو گولی مار دی

آن لائن نیوزڈیسک
امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کوئی ’حادثاتی‘ فائرنگ نہیں تھی اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ہتھیار بچے کے ہاتھ کیسے لگا۔ لڑکے کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
امریکہ میں نیوپورٹ نیوز شہر کی پولیس اور اسکول حکام کے مطابق ورجینیا ریاست کے ایک اسکول میں جمعے کے روز ایک چھ سالہ بچے نے ایک ٹیچر کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔
فائرنگ کا یہ واقعہ رچنیک ایلیمنٹری اسکول کے درجہ اول کے ایک کلاس روم میں پیش آیا تاہم اس میں کوئی طالب علم زخمی نہیں ہوا۔
پولیس چیف اسٹیو ڈریو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس فائرنگ میں ایک 30 سالہ خاتون ٹیچر بری طرح زخمی ہو گئیں۔ انہیں اتنے شدید زخم آئے ہیں جس سے جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے تاہم ہسپتال میں اب ان کی حالت میں کچھ بہتری نظر آ رہی ہے۔
ڈریو کا کہنا تھا، "ہمارے سامنے ایسی کوئی صورت حال نہیں تھی جس سے یہ کہا جا سکے کہ کوئی شخص اسکول میں فائرنگ کرنے جا رہا ہو۔”
انہوں نے مزید کہا، "یہ کوئی حادثاتی فائرنگ نہیں تھی۔”
فائرنگ کرنے والے لڑکے کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔ لیکن فائرنگ کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکے کے پاس کلاس روم میں ایک ہینڈگن تھی اور تفتیش کار یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ اس بچے کے ہاتھ کیسے لگی۔
گوکہ فائرنگ کے اس واقعے سے کوئی بچہ زخمی نہیں ہوا تاہم اس واقعے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ورجینیئن پائلٹ نامی ایک مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے اسی سکول میں پڑھنے والے ایک بچے کی والدہ جوسیلین گلوورنے کہا کہ انہیں اسکول سے ایک پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ ایک شخص کو گولی مار دی گئی ہے اور دوسرا حراست میں ہے۔
انہوں نے کہا، "میرا تو دل ہی دھڑکنا بند ہو گیا، میں بہت گھبرا گئی، میں بے چین ہو گئی اور صرف یہ سوچ رہی تھی کہ وہ ایک شخص کہیں میرا بیٹا تو نہیں۔”
شہر کے اسکولوں کے نگراں جارج پارکر نے کہا، "میں صدمے میں ہوں اور دل گرفتہ ہوں۔”
انہو ں نے کہا، "آج ہمارے طلبہ کو بندوق کے تشدد کا سبق ملا۔ انہیں یہ بھی سبق ملا کہ بندوقیں کس طرح، نہ صرف تعلیمی ماحول بلکہ ایک خاندان اور ایک کمیونٹی میں بھی تباہی پھیلا سکتی ہیں۔”

Comments are closed.