کولکاتہ میں پولس اور آئی ایس ایف میں تصادم

 

ٹی ایم سی لیڈر عرب الاسلام کی گرفتاری کے مطالبے کو لے کر احتجاج میں لاٹھی چارج، کئی زخمی

کولکاتہ۔ ۲۲؍جنوری: کولکاتہ میں سنیچر کو انڈین سیکولر فرنٹ (آئی ایس ایف) کے کارکنان اور پولس کے درمیان جھڑپ ہوگئی، بھیڑ کو کنٹرول کرنے کےلیے پولس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا، ساتھ ہی آنسو گیس کے گولے بھی داغنے پڑے، اس کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے، جھڑپ میں کئی پولس اہلکار اور مظاہرین زخمی ہوئے ہیں، اس معاملے میں اب تک ۱۹ لوگوں کو گرفتار کیاگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایس ایف کارکنان سنیچر کی شام ایس پلینڈن علاقے میں احتجاج کررہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایم سی کارکنان نے ایک ریلی کے دوران ان کے کارکنان پر حملہ کیا اس سے ان کے کچھ افراد زخمی ہوگئے، اس وجہ سے ٹی ایم سی لیڈر عرب الاسلام کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے تھے۔ مظاہرین میں ہزاروں افراد شامل تھے، اس وجہ سے سڑک پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، پولس نے مظاہرین سے روڈ خالی کرانے کی اپیل کی، لیکن انہوں نے بات ماننے سے انکار کردیا، بھیڑ کو منتشر کرنے کےلیے کولکاتہ پولس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے لاٹھی چارج شروع کردی اس دوران آئی ایس ایف لیڈر اور ممبر اسمبلی نوشاد صدیقی کو حراست میں لے لیاگیا ہے۔ اس سے قبل سنیچر کو ہی ریاست کے بھانگر علاقے میں ٹی ایم سی اور آئی ایس ایف کے کارکنان میں تصادم کا معاملہ سامنے آیا تھا، یہ واقعہ اس وقت ہوا جب آئی ایس ایف کے اراکین کولکاتہ جارہے تھے، اس دوران آئی ایس ایف کارکنان نے ترنمول کانگریس کے ایک دفتر میں آگ لگا دی تھی۔

Comments are closed.