سڑک حادثے میں بائک سوار تاجر کی دردناک موت ، دو کی حالت نازک

دربھنگہ۔ ۲۳؍جنوری: (محمد رفیع ساگر)  سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کے اتربیل ۔بھرواڑہ مین سڑک پر رام پورہ بھگوتی استھان کے قریب ایک تیز رفتار بائک سوار بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوگیا۔اس حادثے میں سنگھواڑہ لال پور بیلہٹا گاؤں باشندہ درگا پرساد کے 25سالہ بیٹے پركاش عرف بنٹی کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ بائک پر پیچھے سوار 2 دیگر نوجوان رام پورہ گاؤں باشندہ سدھیر شرما اور کمتول تھانہ حلقہ کے رتن پور گاؤں باشندہ پنٹو کمار شدید طور پر زخمی ہیں جنہیں مقامی سنگھواڑہ سی ایچ سی سے ابتدائی علاج کے بعد تشویش ناک حالت قرار دیکر ڈی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متوفی کی لال پور چوک پر فرنیچر کی دکان ہے ۔وہ دکان بند کرنے کے بعد اپنے کاریگر سدھیر شرما کو اتوار کی دیر شب تقریباً 10 بجے رام پورہ چھوڑ نے جا رہا تھا اسی اثنا میں رام پورہ بھگوتی استھان کے قریب کسی گاڑی نے بائک سوار نوجوان کو چکمہ دے دیا جسکے سبب بائک سوار کا توازن بگڑ گیا اور بائک کھمبے سے ٹکڑا گئی۔ سڑک حادثے میں بائک سوار پرکاش عرف بنٹی کو گردن میں شدید چوٹ لگنے کے باعث موقع واردات پر ہی موت ہو گئی ۔موقع پر پہنچی سنگھواڑہ تھانہ کی پولیس نے مقامی لوگوں و راہگیروں کی مدد سے زخمیوں کو سنگھواڑہ سی ایچ سی اسپتال میں داخل کرایا جہاں میڈکل انچارج ڈاکٹر سبودھ کمار نے پرکاش عرف بنٹی کو مردہ قرار دے دیا جبکہ دیگر 2 زخمی نوجوان پنٹو کمار اور سدھیر شرما کو ابتدائی علاج کے بعد بہتر علاج کے لئے ڈی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا وہیں بائک سوار نوجوان کو چکمہ دینے والی گاڑی کا پولیس پتہ لگانے کے لئے آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کو کھنگال رہی ہے کہ اس واقعے کے وقت کون کون سی گاڑیوں کی آمد و رفت ہوئی ہے۔

Comments are closed.