جالے : وارڈ نمبر 20 میں عوامی مسائل پر کھلی وارڈ سبھا کا انعقاد، بارش میں سڑکوں پر چلنا دشوار، گرمی میں پانی کی قلت، عوام نے دو سالہ کارکردگی پر اٹھائے سوال

 

جالے: محمد رفیع ساگر / بی این ایس

نگرپریشد جالے کے وارڈ نمبر 20 میں بدھ کو مرحوم شبیر جالوی کے صحن میں وارڈ کونسلر کہکشاں پروین کی صدارت میں کھلی وارڈ سبھا کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی عوامی مسائل پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔

 

سبھا میں عوام نے شکایت کی کہ وارڈ میں سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث آمد و رفت میں شدید پریشانی ہوتی ہے، نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ پانی جمع ہو رہا ہے اور گندگی پھیل رہی ہے، جس سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ عوام نے بتایا کہ حکومت کی رہائشی اسکیموں کا فائدہ مستحقین تک نہیں پہنچ رہا ہے، پینے کے پانی کی قلت اور ناقص معیار، صفائی ستھرائی میں لاپروائی، بوڑھوں اور بیواؤں کو پنشن نہ ملنا، اور گنجان آبادی والے علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور کنیکشن نہ ہونے جیسے مسائل دیرینہ ہیں۔

 

مقامی باشندوں محمد نعمان، محمد منان، مظہر امام، محمد انصار، شفیع عالم بیگ، کیدار مہتو، بدر الزماں، وزارت خان، عرفان، فرقان، سمیع اللہ، شعبان، ذکر اللہ، اظہر نیّاز احمد، خالد سیف اللہ، پون مہتو، راجن مہتو، عابد، محمد اظہار، اندر جیت مہتو سمیت سینکڑوں بزرگ، نوجوان اور بچے اس سبھا میں شریک ہوئے اور باری باری اپنی اپنی شکایات پیش کیں۔ کئی افراد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کو دو سال ہونے کو آئے، لیکن زمینی سطح پر کوئی خاص ترقیاتی کام نظر نہیں آ رہا ہے۔ بارش میں سڑکوں پر چلنا مشکل ہو جاتا ہے اور گرمی میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو جاتی ہے۔

 

عوامی شکایات سننے کے بعد میونسپل ایگزیکٹیو آفیسر اجے کمار، چیئرپرسن پنٹو کمار مہتا، ڈپٹی چیئر پرسن شمشاد خان، چیئرپرسن کے نمائندہ پون کمار مہتا، وارڈ کونسلر کے نمائندہ اختر حسین جالوی، آئی ٹی بوائے اطہر جیلانی خان، وارڈ جمعدار وکرم کمار نے جلد از جلد مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

 

آخر میں وارڈ کونسلر کہکشاں پروین اور نمائندہ اختر حسین جالوی نے تمام عوام کا شکریہ ادا کیا اور وارڈ سبھا میں شامل ہونے پر ان کا خیر مقدم کیا۔

Comments are closed.