شگفتہ ہاشمی کو بینکنگ میں نمایاں خدمات پر اعزاز

سی بی او آئی چیمپئنز میٹ 2025 میں ٹرافی سے سرفراز، دربھنگہ کا نام روشن
جالے : محمد رفیع ساگر / بی این ایس
دربھنگہ کی قابل فخر بیٹی، شگفتہ ہاشمی نے بینکاری کے میدان میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ریاست اور اپنے ضلع کا نام روشن کیا ہے۔ سینٹرل بینک آف انڈیا کی ملت کالج برانچ میں بطور برانچ مینیجر خدمات انجام دے رہیں شگفتہ ہاشمی کو "سی بی او آئی چیمپئنز میٹ 2025” کے دوران غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں ٹرافی سے نوازا گیا۔
یہ باوقار اعزاز بینک کے ریجنل ہیڈ مسٹر اروپ منڈل نے اپنے ہاتھوں پیش کیا۔ یہ تقریب اپریل 2025 کے وسط میں منعقد ہوئی، جس میں بینک کے مختلف برانچوں سے وابستہ افسران اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شگفتہ ہاشمی کو یہ اعزاز اُن کی قیادت، محنت، ایمانداری، اور پیشہ ورانہ خلوص کے باعث دیا گیا، جن کے نتیجے میں ملت کالج برانچ نے نہ صرف اہداف کی تکمیل کی بلکہ بینکاری معیار، صارف خدمات اور قرض کی فراہمی جیسے میدانوں میں نمایاں بہتری درج کی۔
شگفتہ ہاشمی، معروف بینکر اور سابق برانچ منیجر انظار احمد ہاشمی کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے اپنے والد کی رہنمائی اور اصولوں کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے بینکاری کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا ہے۔
اُن کی اس کامیابی پر دربھنگہ سمیت پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے رفقائے کار، اہل خانہ اور سماج کے باشعور افراد نے انہیں مبارکباد دی اور ان کے تابناک مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
شگفتہ ہاشمی نہ صرف بینکاری کے شعبے میں ایک مثال بن کر ابھری ہیں، بلکہ وہ نوجوان لڑکیوں کے لیے بھی ایک روشن نمونہ ہیں کہ لگن، صلاحیت اور ایمانداری کے ساتھ ہر میدان میں کامیابی ممکن ہے۔
Comments are closed.