آلودہ ترین شہر کی فہرست میں ممبئی بھی شامل 

 

دہلی دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا

ممبئی۔۱۸؍ فروری:  دہلی فضائی آلودگی کے محاذ پر ایک مرتبہ پھر ناکام نظر آ رہا ہے اور اسے دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں دہلی کی ہوا کے معیار (اے کیو آئی) میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ اتنا ہی نہیں 13 فروری کو ریکارڈ کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق طویل عرصے کے بعد دہلی دنیا کے 10 آلودہ ترین شہروں کی فہرست سے بھی باہر ہو گیا تھا۔ جس کے لیے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی کے لوگوں کی مسلسل کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کی پیٹھ تھپتھپائی تھی۔ لیکن اس کے دو دن کے اندر ہی دہلی ایک بار پھر دنیا کے 10 آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو گیا ہے۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دہلی کی ہوا مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے۔ جمعرات کی شام 6 بجے راجدھانی دہلی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا۔ اس فہرست میں دہلی کے بعد کولکاتا اور ممبئی موجود ہیں۔ 13 فروری کو دہلی ٹاپ 10 آلودہ شہروں کی فہرست سے باہر تھا اور اس کی وجہ جنوری کے آخری دنوں میں ہونے والی بارشیں تھیں۔ بارش کے بعد فروری کی تیز ہواؤں کے دوران بھی راجدھانی میں آلودگی کی شدت کم رہی لیکن اب ایک بار پھر دہلی میں آلودگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔گرین پیس کے اویناش چنچل کے مطابق 29 جنوری کو بوندا باندی ہوئی جو 30 جنوری تک جاری رہی۔ اس کے بعد 12 سے 14 فروری تک تیز ہوائیں چلیں۔ بارش اور اس کے بعد چلنے والی تیز ہواؤں نے آلودگی میں کافی حد تک کمی کی۔ اس وجہ سے ان دنوں راجدھانی دہلی دنیا کے بہت سے شہروں سے صاف تھی۔

Comments are closed.