کانگریس فیصلہ لے، بی جے پی 100 پر سمٹ جائے گی !

 

نتیش کمار کا پٹنہ میں سی پی آئی ایم ایل کے پروگرام سے خطاب، ۲۰۲۴ الیکشن کےلیے اتحاد پر زور

پٹنہ ۔۱۸؍ فروری: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک بار پھر اپوزیشن اتحاد پر زور دیا ہے، پٹنہ میں سنیچر کو بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کے جنرل کنونشن میں کہاکہ اب کانگریس کو فیصلہ لینا ہوگا کہ ۲۰۲۴ میں کیا لائحہ عمل ہوناچاہئے اور اپوزیشن اتحاد کو کس طرح سے مضبوط کرناچاہئے ، اگر کانگریس اس بات پر تیار ہوجائے تو ۲۰۲۴ میں بی جے پی ۱۰۰ سیٹوں پر سمٹ کر رہ جائے گی۔ نتیش کمار کے مشورے پر سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید نے دوران پروگرام جواب دیا کہ جو آپ سوچتے ہیں وہ کانگریس بھی سوچتی ہے بس اتنی سی بات ہے کہ پہلے آئی لویو کون کہے گا۔ نتیش کمار نے مزید کہاکہ کانگریس کو اپوزیشن اتحاد میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ ہم سب انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ باقی تمام پارٹیوں کے فون آ رہے ہیں۔ باقی لوگوں کے ساتھ مل کر میٹنگ کریں جس میں سب بیٹھ سکیں۔ ہم کانگریس کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ کئی دوسری پارٹیاں متحد ہونے کے لیے تیار ہیں۔اس کنونشن میں نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کانگریس پارٹی سے تمام علاقائی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی اپیل کی، تاکہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو شکست دی جا سکے۔ کنونشن میں نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے علاوہ کانگریس لیڈر سلمان خورشید، بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی اور سی پی آئی-ایم ایل کے قومی جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ اسٹیج پر موجود تھے۔بتادیں کہ بی جے پی سے علیحدگی کے بعد نتیش مسلسل اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اس سلسلے میں کانگریس لیڈر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ انہوں نے دہلی کے دورے کے دوران عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیجریوال سے بھی ملاقات کی۔ لیکن اس دوران کے سی آر پٹنہ گئے اور نتیش سے ملاقات کی۔ اس کے بعد اکھلیش، ممتا بنرجی حیدرآباد گئے اور کے سی آر سے ملاقات کی۔ کے سی آر دراصل ایک غیر کانگریسی محاذ بنانا چاہتے ہیں۔ لیکن بی ایس پی سربراہ مایاوتی ان سب سے مختلف ہیں۔ وہ پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ وہ کسی اتحاد میں شامل نہیں ہوں گی۔ اس طرح نتیش کمار کی پریشانی کو سمجھا جا سکتا ہے کہ اپوزیشن چاہ کر بھی متحد نہیں ہو پا رہی ہے۔

Comments are closed.