مسلمانوں کے ایمان وعقائد کی حفاظت دینی تعلیم کےبغیر ناممکن ہے

 

جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام منعقدہ دینی تعلیمی بیداری مہم اجلاس سے مولانا ندیم صدیقی و دیگر کا خطاب

امراوتی ۔ ۱۸؍ فروری ( پریس ریلیز ) آج یہاں مکتب ابوبکر صدیق بارہ کھولی بلال نگر بنوسہ دریاپورتحصیل دریاپور ضلع امراؤتی میں دینی تعلیمی بیداری مہم کے تحت سالانہ اجلاس بصدارت حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب( صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر )منعقد ہوا ،جس کی نگرانی حضرت مولانامفتی محمد روشن شاہ صاحب قاسمی ( بانی و مہتمم جامعہ دارالعلوم سونوری ضلع آکولہ ) نے فر مائی ،اجلاس کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت اور نعتیہ کلام سے ہوا ،بعدہ صدر اجلاس مولانا حافظ ندیم صدیقی صاحب نے دینی تعلیمی بیداری کی اہمیت و ضرورت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ مسلمانوں کے ایمان و عقائد کی حفاظت دینی تعلیم کے بغیر ناممکن ہے۔اس موقع پرمفتی محمد روشن شاہ صاحب قاسمی ( بانی و مہتمم جامعہ دارالعلوم سونوری ضلع آکولہ) نے دینی تعلیم وتربیت پر زور دیتے فرمایا کہ بغیر تعلیم وتربیت کے گھرمیں اولاد کو پالنا گویا کہ گھر میں اپنے دشمن کو پالنا ہے اس لئےآنے والی نسلوں کو بچانے کے لیے ان کی اچھی سے اچھی تعلیم کا انتظام کرنا ہم پر فرض ہے اور اس اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے فرمایا کہ دینی تعلیمی بیداری مہم کا مہینہ شروع ہے ہمیں چاہیے کہ ہمارے مکاتب اور محلوں کا سروے پورا کیا جائے ہر فرد اس کام کو دین کا کام سمجھ کر کرے ،قوم وملت کی ترقی کے لئے ایک ہوکر کام کریں اور اپنے بڑوں کی ہدایات کے مطابق عمل پیرا رہیں۔مفتی محمد حنیف صاحب قاسمی (مہتمم جامعہ عربیہ بحرالعلوم بالاپور ) نے اپنے قیمتی ملفوظات سے مستفیض فرمایا، مولانا محمد شہزاد بیگ صاحب (استاذ دارالعلوم حمیدیہ باڑے گاؤں )مولوی محمد صفوان صاحب مظاہری و اراکین مکتب ابوبکر صدیق بارہ کھولی بلال نگر بنوسہ دریاپور تحصیل دریاپور ضلع امراوتی نے پروگرام کے انتظام و انصرام میں بھر پور حصہ لیا ،اس اجلاس میں دریاپور تحصیل و اطراف کے معلمین و مدرسین اور تمام مساجد کے ذمہ دار سمیت سامعین بڑی تعداد میں موجود تھے،جلسہ کااختتام حضرت اقدس مولانا حافظ ندیم صدیقی صاحب کی دعاء پر ہوا۔

Comments are closed.