اپنی اور اہل خانہ کی اصلاح کی فکر کیجئے! مولاناانیس الرحمن قاسمی

جامعہ طیبہ للبنات چھوٹی بلیا میں ختم بخاری شریف کی پرنور تقریب منعقد
بیگوسرائے(پریس ریلیز)آج یہاں مسلم بچیوں کی دینی تعلیم وتربیت کے لیے قائم منفرد و معیاری ادارہ ”جامعہ طیبہ للبنات چھوٹی بلیا“ کے صحن چمن میں برگزیدہ شخصیت‘ ضلع میں تعلیم نسواں کے اولین علم بردار قاضی شریعت مولانا عبدالعظیم حیدری مظاہری کی صدارت میں ختم بخاری شریف کی یادگاری و تاریخی پرنور تقریب منعقد ہوئی۔ علمی و روحانی مرکز جامعہ رحمانی مونگیر کے مقتول ترین شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد اظہر رحمانی صاحب مظاہری نے اصح الکتب بعد کتاب اللہ بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دے کر صحاح ستہ کی نصابی تعلیم مکمل کرنے والی جامعہ طیبہ کی چھ خوش نصیب طالبات کی پہلی بیچ کو تقوی و طہارت اور اپنے اکابر کے نقش قدم پر چلنے کی شرط کے ساتھ اپنی سند سے حدیث بیان کرنے اور اس کا درس دینے کی اجازت کا شرف عطا کیا، انھوں نے درس حدیث کے دوران امام بخاری اور ان کی کتاب کا مقام و امتیاز کے ساتھ آخری حدیث سے متعلق سیر حاصل علمی گفتگو فرمائی اور بتایا کہ اعمال کا وزن نیت کی مضبوطی کے ساتھ جڑا ہے۔ جب کہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جلوہ افروز دین و ملت کے بے لوث قائد و راہبر،صاحب فتاوی علمائے ہندمفکر ملت مولانا انیس الرحمن قاسمی قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل نے نصف گھنٹے کے کلیدی خطاب میں لڑکیوں کے مدارس اور خواتین کی دینی تعلیم و تربیت وقت کی اہم اور ترجیحی ضرورت بتاتے ہوئے فرمایا کہ ملک کے موجودہ ماحول میں اگر تبدیلی پیدا کی جاسکتی ہے، دین پر قائم رہنے والی تبدیلی، صراط مستقیم پر چلنے والی تبدیلی، تو ہماری بچیوں کی بہتر دینی تعلیم اور تربیت کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ اب جو ہندوستان کا یا پوری دنیا کا ماحول بنا ہے،ان میں ہماری بچیوں اور خواتین کی دینی تعلیم اور تربیت کا مرکز صرف مدرسہ صرف مدرسہ ہے۔ انھوں نے مسلمانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اپنی اور اہل خانہ کی اصلاح کی فکر کیجئے!، کم از کم سورہ فاتحہ کی سات آیات کو سمجھئے اور اس کو ہروقت اپنی زندگی کا نصب العین بنائیے!انھوں نے ملک کے حالات اور امت مسلمہ کے دین و ملت کے تئیں سرد مہری پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ بزدلی چھوڑئیے! ملت کے کاموں کو اپنا کام بنائییاورجامعہ کی تعلیمی ترقی پر دلی خوشی اور نیک خواہشات کا اظہار کر ہوئے کہاکہ جامعہ کا آج تاریخی دن بھی ہے اور مبارکباد کادن بھی۔وہیں محقق و مفسر قرآن مولانامفتی محمد خالدحسین نیموی قاسمی صدر جمعیۃ علماء بیگوسرائے نے حدیث کی اہمیت اور اس کے مقام و مرتبہ پر جامع روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حدیث شریف کے یہ مجموعے جو قرآن پاک کی تشریح و تفصیل ہیں پوری حفاظ کے ساتھ ہم تک پہنچے ہیں۔پروگرام کے دوران دورہ حدیث کی طالبات نے ”ہمارے استاذ و مربی“نامی الوداعی نظم اور ختم بخاری شریف کی مناسبت سے وجد آفریں اور روح پرور نظم اجتماعی طور پر پڑھ کر محفل میں عجب کیف طاری کردیا۔ ساتھ ہی جامعہ کے بانی و مہتمم حضرت قاضی صاحب نے ایک مثال قائم کرتے ہوئے دورہ حدیث کے اساتذہ و معلمات کی مخلصانہ تعلیمی خدمات اور بے لوث قربانیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اساتذہ کو اکابر علماء کے دست مبارک سے شال اوڑھاکر اور گراں قدر تحفہ سے نوازاجو منظر دیدنی تھاحالاں کہ تمام شرکاء کو بھی علمی تحفے کی شکل میں سہ کتابی لفافہ پیش کیا گیا۔ مجلس کا آغاز جامعہ کی طالبہ حمیدہ خاتون کی خوش الحان تلاوت کلام پاک سے ہوا اور بارگاہ رسالت مآب میں جامعہ کی طالبہ گل افشاں نے قابل رشک آوازو انداز میں روح پرور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ آخرمیں بانی جامعہ حضرت قاضی صاحب نے اظہار تشکر فرمایا۔معتمد جامعہ نائب قاضی مفتی محمد شبیرانور قاسمی نے بحسن و خوبی نظامت کی ذمہ داری نبھائی، انھوں نے اپنے تمہیدی کلمات میں ۲۷/رجب کی تاریخ کو جامعہ کا معراج بتایااور پراثر دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں ضلع کے موقر علماء، ائمہ، دانشوران اور طالبات کے گارجین حضرات شریک ہوئے، جن میں مولاناارشدقاسمی قاضی شریعت کھگڑیا، مولاناصابر نظامی قاسمی ناظم مالیات جمعیۃ علماء بہار و جنرل سکریٹری بیگوسرائے،مفتی عبدالجبار مظاہری پرنسپل مدرسہ بدرالاسلام، مولاناپرویزعالم مظاہری،مولاناجرجیس اکرم قاسمی معاون قاضی بیگوسرائے، الحاج محب الرحمن اجنبی، مولانارفعت عثمانی، مفتی شاداب قاسمی امام جامع مسجد بلیابازار، مولاناامان اللہ نستوی مہتمم مدرسہ اسلامیہ قاسم العلوم لکھمنیاں، مولاناعبدالواسع حیدری قاسمی، شاہدحیدری، عبدالحلیم سابق مکھیا چک حمید، حافظ امداد اللہ، مفتی احسن قاسمی، ہماری انصاری، حاجی فیض الرحمن، حافظ کیف الوری، کاتب عمران صاحب، حافظ ولی احمد حسینی، محمد جمال الدین مکھ پارشد بلیا نگر، فضیل احمد، مولانااشرف قاسمی، مفتی ناصر قاسمی، مولاناتقی اشرف قاسمی، مولانافصیح اشرف امینی، ڈاکٹر نہال اختر، آفاق انصاری وارڈ کاونسلرکے نام قابل ذکرہیں۔
Comments are closed.