چھتیس گڑھ میں کانگریسی لیڈران ای ڈی کے نشانے پر

اس سے ہمارے حوصلے پسند نہیں ہوں گے، ایجنسیوں کا غلط استعمال ہورہا ہے، وزیر اعلیٰ بگھیل پارٹی صدر کھڑگے اور دیگر پارٹی لیڈروں کا رد عمل
رائے پور۔۲۰؍ فروری: ای ڈی نے پیر کی صبح چھتیس گڑھ میں کانگریس لیڈروں کے گھروں پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کوئلے کی نقل و حمل میں غیر قانونی جبری وصولی کے سلسلے میں مسلسل کارروائی کی۔ ای ڈی کی کارروائی پی سی سی کے خزانچی رام گوپال اگروال، بھیلائی کے رکن اسمبلی دیویندر یادو، گریش دیوانگن، آر پی سنگھ، ونود تیواری اور سنی اگروال کی رہائش گاہ اور دفاترشامل ہیں۔رائے پور میں ۲۴ فروری سے کانگریس کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ اس سے ٹھیک پہلے ای ڈی نے نصف درجن کانگریس لیڈروں اور کچھ حلیفوں پر چھاپے مارنا شروع کر دئے ہیں۔ ای ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے دسمبر سے اب تک حکام اور کوئلہ کے تاجروں کو گرفتار کیا تھا۔ پہلی بار کانگریس کے ان لیڈروں کو گھیر لیا گیا ہے۔ ان میں رام گوپال اگروال پی سی سی کے خزانچی اور چاول و معدنیات کے تاجر ہیں۔ گریش دیوانگن معدنیات کارپوریشن کے چیئرمین ہیں۔کانگریس کے ترجمان اور آر پی سنگھ کانگریس میں رابطہ کار کے طور پر کام کرتے ہیں۔ ای ڈی کی ٹیم نوجوان لیڈر ونود تیواری، بی او سی کے صدر سنی اگروال اور کارکنوں کے امور کے جنرل سکریٹری کے خلاف بھی کارروائی کر رہی ہے۔ اس کارروائی میں ای ڈی کے تین درجن سے زیادہ افسران اور سی آر پی ایف کی ۱۰۰سے زیادہ خواتین اور مرد پر مشتمل ٹیمیں بھی تعینات ہیں۔ ۲۴ فروری سے شروع ہونے والے کانگریس اجلاس سے پہلے یہ چھاپہ بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے چھتیس گڑھ میں کانگریس لیڈروں کے گھروں اور دفاتر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی کارروائی پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔کھڑگے نے پیر کو ٹویٹ کیا کہ کانگریس ای ڈی کی کارروائی سے خوفزدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ان کی پارٹی مودی حکومت کی ان دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ہے بلکہ مضبوطی سے اس کا مقابلہ کرے گی۔کھڑگے نے کہا کہ مودی حکومت بھارت جوڑو یاترا کی زبردست کامیابی سے خوفزدہ ہے۔ یہ حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں میں ای ڈی کے ذریعہ کئے گئے 95 فیصد چھاپے اپوزیشن لیڈروں کے خلاف تھے اور زیادہ تر کانگریس لیڈروں کے خلاف تھے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے چھتیس گڑھ کے ہمارے کانگریس لیڈروں پر ای ڈی کا غلط استعمال کرتے ہوئے چھاپہ رائے پور میں کانگریس کے کنونشن سے پہلے بی جے پی کی بزدلی کو ظاہر کرتا ہے۔وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہاکہ مودی حکومت اور ان کی ایجنسیاں چاہے کتنی ہی طاقت کا استعمال کرلیں، وہ کانگریس کے کنونشن کو ناکام نہیں کرسکتی، ان کی اس طرح کی حرکتوں سے کانگریسوں میں مزید جوش پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم گورو ں سے نہیں ڈرے تو ان سے کہاں ڈرنے والے ہیں، یہ ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

Comments are closed.