نوح میں پرتشدد فرقہ وارانہ تصادم، پتھراؤ اور فائرنگ

 

کئی زخمی، گاڑیوں میں توڑ پھوڑ، حالات کشیدہ، پولس فورس تعینات

نوح۔۲۰؍ فروری: ہریانہ کے نوح (میوات) میں معمولی بات پر پیر کو دو کمیونٹی کے لوگوں میں پرتشدد جھڑپ ہوگئی ہے ، کھیڑا خلیل پور گائوں میں ہوئے اس جھڑپ میں دونوں طرف سے پتھرائو ہوا لوگوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈے برسائے، اور گولیاں تک چلنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں، جھڑپ میں تقریباً ایک درجن افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ حالات کشیدہ ہونے کی اطلاع پر اے ایس پی اوشا کنڈو کی قیادت میں کثیر تعداد میں پولس فورس وہاں پہنچی، جھکڑے کو کنٹرول کیا کئی لوگوں کو گرفتار بھی کیاگیا ہے۔ گائوں میں کشیدگی کی صورت برقرار ہے، دونوں فریق کے لوگ وہاں جمع تھے اور پولس انہیں روکنے کے لیے چیخ رہی تھی۔ ایک کمیونٹی کے لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کا ایک لڑکا بلال اتوار کی صبح ایک شخص کو موٹرسائکل سے چھوڑ کر واپس آرہا تھا اس دوران دوسری کمیونٹی کے نتھو رام کے گھر کے پاس سے گزرنے کے دوران تنازعہ ہوگیا، یہاں پر لوگوں نے بلال کی پٹائی کردی۔ وہیں نتھو رام کے اہل خانہ نے کہاکہ بلال تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا، ۸ سال کی بچی اس بائیک کی چپیٹ میں آنے سے کسی طرح بچ گئی، اس دوران بلال کو ٹوکا گیا تو وہ الٹا بول گیا، اس کے بعد مارپیٹ ہوئی، پھر معاملہ تھم گیاتھا، پیر کو یہی تنازعہ دوبارہ ابھر گیا، جس میں دونوں فریق کی طرف سے پتھرائو کیاگیا، گلیوں اور چھتوں سے اینٹیں برسائی گئیں، اس دوران گولیوں سے بھی پورا علاقہ دہل اُٹھا وہیں بتایاجارہا ہے کہ نتھو رام کے اہل خانہ کو چوٹیں بھی آئی ہیں، جن کا علاج سوہنا اسپتال می ںجاری ہے۔ گائوں کو پولس چھائونی میں تبدیل کردیاگیا ہے۔ کچھ لوگوں کو پولس نے گرفتار بھی کیا ہے۔

Comments are closed.