دارالعلوم دیوبند جارہے سوامی کو روک دیا گیا

مناظرے کے لئے مولانا ارشد مدنی کے بیان سے ناراض چاروں وید لے کر آئےیشویر مہاراج کو مظفر نگر سے آگے نہیں بڑھنے دیاگیا، پولس سے نوک جھونک، احتجاجاً ہنومان چالیسا کا پاٹھ، دیوبند میں انتظامیہ الرٹ ، مسجد رشید اور جگہ جگہ پولیس تعینات
دیوبند۔ ۲۸؍ فروری: (سمیر چودھری) جمعیۃ علماء ہند کے دہلی میں منعقد ہوئے اجلاس میں حضرت آدم اور منو کو ایک بتانے اور اللہ و اوم کی تشبیہ دیئے جانے سے ناراض سوامی یشویر مہاراج کے ذریعہ آج۲۸؍ فروری کو دارالعلوم دیوبندپہنچ کر جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشدمدنی سے مناظرہ کرنے کے اعلان کے بعد سہارنپور اور مظفرنگر پولیس کافی الرٹ رہی، دیوبند میں منگل کی صبح سے ہی تمام مخصوص مقامات پر کافی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی،حالانکہ دوپہر بعد جیسے ہی سوامی چاروں وید لے کر مظفرنگر سے دیوبند کے لئے روانہ ہوئے تو انہیں ان کے حامیوں سمیت وہیں روڑکی روڈ پر پولیس نے روک لیا اور دیوبند آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔اس دوران مہاراج کے حامیوں اور پولیس کے درمیان تیکھی نوک جھونک بھی ہوئی، پولیس کے روکے جانے پر مہاراج اور ان کے حامی سڑک پر ہیں بیٹھ گئے اور ہنومان چالیسا کا پاٹھ پڑھنے لگے،۱۲؍فروری کو جمعیۃ علماء ہند کے دہلی اجلاس میں مولانا سید ارشد مدنی کے بیان کے بعد سوامی یشویر مہاراج نے۲۸ فروری کو دیوبند پہنچ کر مولانا مدنی کو دارالعلوم دیوبند میں بحث کا چیلنج کیا تھا، جس کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے منگل کو ریاستی شاہراہ سمیت دارالعلوم دیوبند کے علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا تھا۔ یہ مناظرہ کا چیلنج گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر وائر ل ہورہا تھا، جس کے باعث انتظامیہ کافی ہائی الرٹ رہی۔ دارالعلوم چوک سے لے کر خانقاہ پولیس چوکی تک اور اسٹیٹ ہائی وے کے کئی چوراہوں پر اور گیسٹ ہاؤس کو آس پاس بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ لیکن سوامی یشویر مہاراج کے حامیوں کو اس وقت مایوسی ہوئی جب پولیس نے انہیں مظفر نگر میں ہی روک لیا۔واضح رہے کہ کئی ہندو تنظیموں کے ساتھ گزشتہ دو روز قبل مظفرنگر یوگ سادھنا یشویر آشرم کے مہنت یشویر سرسوتی مہاراج نے بھی مولانا مدنی کے بیان کی مخالفت کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ یا تو مولانا مدنی اپنے بیان کے لیے سناتن دھرم کے لوگوں سے کھلے عام معافی مانگیں، یا پھر مولانا مدنی اپنے بیان سے متعلق ثبوت پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ تھا کہ وہ دیوبند میں واقع دارالعلوم پہنچیں گے اور مولانا مدنی کو وہاں تمام انتظامات کرنے ہوں گے، وہ مناظرہ کے لیے وہاں جائینگے۔ یشویر سرسوتی مہاراج نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھا مولانا ارشد مدنی نے دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک بڑی سازش کے تحت سناتن دھرم کے خلاف بول کر سناتن دھرم کی توہین کی ہے۔ اس دوران انہوں نے مولانا مدنی کو خط لکھ کر ان سے ۹؍ سوالات پوچھے تھے اور مولانا ارشد مدنی سے ان۹؍ سوالوں کے جواب مانگے ہیں۔
Comments are closed.