کرناٹک میں حجاب پہننے پر پابندی برقرار رہے گی:وزیر تعلیم

 

بنگلورو۔۲؍ مارچ: کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات پر حجاب کی پابندی کو لے کر تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اب کرناٹک کے وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے بورڈ امتحانات کے درمیان ایک ایسا بیان دیا ہے جس نے حجاب پہننے والی طالبات کی ان امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے جس میں وہ سمجھ رہی تھیں کہ امتحان کے دوران وہ حجاب پہن سکیں گی۔ وزیر تعلیم نے اس تعلق سے واضح الفاظ میں کہا کہ ریاستی بورڈ امتحانات میں حجاب پہننے پر پابندی برقرار رہے گی۔ بی سی ناگیش کا کہنا ہے کہ حکومت اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرنے والی ہے۔ بورڈ امتحانات میں شامل ہونے والی طالبات کو امتحان مراکز کے احاطہ تک حجاب پہن کر جانے کی اجازت ہے، لیکن امتحان کے کمرے میں انھیں حجاب کو اتارنا ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ اسکولی تعلیم اور خواندگی محکمہ نے آئندہ 9 مارچ سے شروع ہونے والی پی یو یعنی پری یونیورسٹی کے دوسرے سال کے سالانہ امتحان میں شامل ہونے کی مسلم طالبات کی گزارش کو یہ کہتے ہوئے خارج کر دیا کہ گریجویٹ کالجوں کی پرنسپلز اور دیگر کو حجاب پہننے کی اجازت نہیں ہے۔ اس معاملے میں وزیر برائے اسکولی تعلیم بی سی ناگیش کا کہنا ہے کہ چونکہ حجاب معاملہ سپریم کورٹ میں زیر غور ہے اس لیے سالانہ امتحان کے دوران حجاب کی اجازت دینے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ اس وجہ سے ہم اس بات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے کہ کون سی طالبہ حجاب نہیں پہننے سے امتحان میں فیل ہو جاتی ہے۔

Comments are closed.