بیدر بیٹرمنٹ فائونڈیشن ( بی بی ایف)کا جامع مسجد بیدر میں ’’آئو صدقہ کو ڈھال بنائیں ‘‘کاکامیاب انعقاد

بیدر۔17؍مارچ(محمدامین نواز)صدقہ وہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کیلئے دیا جاتا ہے اور یہ خالص عبادت ہے اس اس میں کسی خاص شخص کا تعین نہیں ہونا چاہئے اور نہ اس کی جانب سے کوئی غرض رکھنی چاہئے۔ لیکن صدقہ کے اہل مقام میں ہونا چاہئے مثلاً ضرورتمندوں کیلئے ۔صدقہ آنے والی بلاؤں کو ٹالتا ہے۔ان خیالات کا اِظہار بیدر کی تاریخی جامع مسجد میں بیدر بیٹرمنٹ فائونڈیشن کی جانب سے منعقدہ ایک تربیتی پروگرام برائے مساجد کے صدور و سکریٹریز اور والینٹئیرس سے مولانا مفتی سید مظہر قاسمی نقشبندی جگتیال نے صدر جمعیت علماء جگتیال خطیب جامع مسجد کوٹلہ نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے اس موقع پر جگتیال میں قائم کردہ اپنے ادارہ سے صدقات کی رقم سے مُختلف خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا کام ہے جس کی انجام دہی سے اللہ کی خوشنودی حاصل ہوتی اور اجرو ثواب حاصل ہوتا ہے۔اس موقع پر بی بی ایف یعنی بیدر بیٹر منٹ فائونڈیشن کا باضابطہ لانچ کیا گیا ۔جناب محمد رفیق احمد گادگی نے بی بی ایف کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیدر بیٹرمنٹ فائونڈیشن رابطہ ملت کی سرپرستی میں قائم ہوئے تقریباً چار ماہ کا عرصہ ہوا ہے اور اس سلسلہ میں ہم نے ’’آئو صدقہ کو ڈھال بنائیں ‘‘مہم کے تحت 7سو سے زائد مکانات تک صدقہ باکس پہنچایا ہے ، جس کی رقم بے سہارا ، مفلوک الحال ، بیوائوں ، یتیموں اور حقیقی مستحقین تک بعد تحقیق کے پہنچائی جائے گی ۔اس کے علاوہ بیدر شہر میں سود کی لعنت سے بچنے کیلئے چار جگہوں پر ضرورت مندوں میں بلا سودی رقم دینے کا نظم کیا گیا۔ان شاء اللہ اور بھی بہت سے خدمات انجام دینے کا منصوبہ ہے۔ڈاکٹر عبدالقدیر صدر بیدر بیٹرمنٹ فائونڈیشن نے اس موقع پر اپنے خطاب میں بتایا کہ الحمد للہ آج بی بی ایف کی لانچنگ ہوگئی ہے ۔بی بی ایف یعنی بیدر کے مساجد کے ذمہ داروں کو جوڑتے ہوئے ایک ٹرسٹ بنایا گیا ہے ۔بیدر کے مساجد کو 13حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے 13کلسٹر بنائے گئے ہیں ۔اور ہر کلسٹر سے ایک ذمہ دار کو لے کر یہ ٹرسٹ رجسٹر ڈکی گئی ہے ہر مسجد کے صدر یا سکریٹری اس ٹرسٹ کے ممبر ہوں گے۔ہمارے بیلیس کے مطابق ایک ایک مسجد علاقہ سے تین تین رضاکار کو منتخب کرکے جوڑاگیا ہے ۔اس طرح منصوبہ بند طریقہ کارسے ایک ٹیم بنائی گئی ہے،جو کارخیر میں کام کررہی ہے۔ باضابطہ یہ تحریک ہے’’ آئو صدقہ کو ڈھال بنائیں ‘‘یعنی صدقہ کے ڈبے بنائیں گئے ہیں۔تقریبا6ہزار ڈبے شہر کے ہر کچے پکے مکان میں رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔اور ہم خواہش کرتے ہیں شہریان بیدر سے کہ وہ اپنے دن کی شروعات صدقہ کے ڈبے میں ایک چھوٹی سی رقم دالتے ہوئے آغاز کریں، کیونکہ بلیات و حادثات سے بچنے کیلئے صدقہ ایک بہترین ڈھال ہے۔ اور صدقہ کے ڈبوں کو عام کرنا ہے ۔جناب ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب نے مزید بتایا کہ بی بی ایف کے ذریعے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مستحقین میں رمضان راشن کِٹس تقسیم،عیدالفطر کٹس کی تقسیم کے منصوبہ کے علاوہ آنے والے انتخابات کیلئے ووٹ کی اہمیت سمجھتے ہوئے 17؍18؍اور 19مارچ بوقت نمازِ عصر تا عشاء کواپنی اپنی مساجد میں ووٹر لسٹ سے ڈیلیٹ کئے گئے ناموں سے متعلق اندراج کی رہنمائی کیلئے والینٹئرس کی خدمات رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال استعمال کے قابل 18ہزار کپڑوں کے جوڑے جمع کرکے نہایت ہی سلیقہ کے ساتھ مستحقین میں تقسیم کئے گئے تھے ۔اسی تجربہ کے پیش نظر 17؍18اور19؍مارچ کو بوقت نمازِ عصر تا عشاء ہرمسجد میں بیدر بیٹر منٹ فائونڈیشن کے والینٹئرس شہرکی مساجد میں موجود رہیں گے۔عامۃ المسلمین سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ استعمال کے قابل اپنے پاس رکھے ہوئے کپڑے والینٹئیرس کے حوالے کردیں ۔ان شاء اللہ ان کپڑوں کو نہایت ہی سلیقے کے ساتھ بہترین پیاکنگ میں مستحقین تک پہچائے جائیں گے۔انھوں نے اس موقع پر یہ اعلان کیا کہ ان شاء اللہ آنے والے دنوں میں بیدر شہر کو Beggar Free City بنانے کے منصوبہ کے علاوہ اور بھی دیگر منصوبے ہیں ۔پروگرام کا آغاز قراء تِ کلام پاک سے کیا گیا۔استقبالیہ کلمات جناب احتشام الحق نے ادا کئے ۔نظامت کے فرائض جناب محمد عاصم عتیق نے بحسن خوبی انجام دئیے۔مولانا مفتی سید مظہر قاسمی نقشبندی کی دعا پر پروگرام اختتام کو پہنچا۔

Comments are closed.