بارش اور برفباری کے سبب برباد فصلوں کے نقصان کا تخمینہ کرجلد معاوضہ کے اعلان کا مطالبہ

مصیبت کی گھڑی میں کسانوں کو اکیلے نہیں چھوڑا جائے گا: عبد المعید چودھری
کانپور(پریس ریلیز) صوبہ اتر پردیش کے مختلف حصوں میں گزشتہ دنوں ہوئی بے موسم بارش اور ژالہ باری کے سبب کھیتوں میں کھڑی گیہوں اور سرسوں کی فصلوں کی بربادی سے کسانوں کو زبردست نقصان پہنچاہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارتیہ کسان یونین (بھانو) کے قومی سکریٹری عبد المعید چودھری نے اس پر کسانوں سے صبر سے کام لینے اور حکومت سے جلد معاوضہ کے عمل کو مکمل کرکے کسانوں کے ہوئے نقصان کی بھرپائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہمارے کسان بھائیوں کیلئے پریشانی اور مشکلوں بھراہے، ہم سبھی کو حوصلہ اور ہمت سے کام لینا ہے، کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا ہے جس سے ہمارے بچوں کا مستقبل تاریک اور گھر والوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے۔ عبد المعید چودھری نے انتظامیہ کے ذمہ داران سے مخاطب ہو کرکہا کہ کسانوں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے، جلدنقصان کا تخمینہ کیا جائے اورکسانوں کو راحت پہنچانے سے متعلق امور پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس کام میں لاپروائی اور عدم توجہی پہلے سے ہی حالات کے مارے کسانوں پر مزید ظلم تصور کیا جائے گا۔ آخر میں عبد المعید چودھری نے کہا کہ بھارتیہ کسان یونین (بھانو)کسانوں کی آواز مسلسل حکومت اور انتظامیہ تک پہنچانے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کاکام کر رہی ہے، حالیہ نقصان کا سروے جاری ہے، سروے کے بعدجن کسان بھائیوں کی فصلوں کا بیمہ ہواہو گا، انہیں بینکوں کے ذریعہ فصل بیمہ کی رقم واپس دلانے کاکام بھی بھارتیہ کسان یونین کرے گی اور کسی وجہ سے اگرکسی کسان کی فصل کا بیمہ نہیں ہوسکا ہوگا تو انہیں بھی اکیلے نہیں چھوڑاجائے گا،ان کی آواز بھی حکومت کے ذمہ داران اور انتظامیہ تک پہنچا کر کسی حد تک نقصان کی تلافی کرانے کی بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔