لڑکی کو اغوا کرنے کا ویڈیو وائرل، سواتی مالیوال کا پولس کو نوٹس

 

نئی دہلی ۔۱۹؍ مارچ: نئی دہلی: آوٹر دہلی کے منگول پوری سے ایک کار میں دو تین سواروں کے ذریعے ایک لڑکی کو اغوا کرنے کا ڈرامائی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دو افراد کو ایک لڑکی کو گھسیٹتے ہوئے اور اپنی گاڑی میں دھکیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ کار پر ہریانہ کی پلیٹ نمبر تھی اور یہ ایک پرائیویٹ کیب تھی۔ لڑکی کو اغوا کرنے کا پورا واقعہ ایک راہگیر نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کر لیا جو بعد میں سوشل میڈیا وائرل ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) آؤٹر ضلع ہرندر کمار سنگھ نے کہا کہ یہ ویڈیو ہفتہ کی رات ان کے نوٹس میں آیا تھا اس کے بعد انہوں اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی اور ڈرائیور کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔ گاڑی کو اوبر کے ذریعے روہنی سے وکاسپوری تک دو لڑکوں اور ایک لڑکی نے بک کیا تھا۔ راستے میں ان میں جھگڑا اور ہاتھا پائی ہوئی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکا لڑکی کو زبردستی کار کے اندر دھکیل رہا ہے۔ یہ اس وقت ہوا جب لڑکی جھگڑے کے بعد کار کے باہر جانا چاہتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔ادھر دہلی خواتین کمیشن کی صدر سواتی مالیوال نے ٹوئٹ کرکے لکھا کہ ’’خاتون کو جبراً گاڑی میں ڈالنے اور پیٹنے کے اس وائرل ویڈیو کے پیش نظر میں دہلی پولس کو نوٹس جاری کررہی ہوں، ان لوگوں کے خلاف کمیشن ایک سخت ایکشن کو یقینی بنائے گا‘‘۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز اس واقعہ کے بعد سے پولیس ملزمین تک پہنچنے کے لیے مسلسل کوشش کررہی تھی وہیں دہلی پولیس نے اس معاملے کی جانچ کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ ٹیکسی کے مالک کی شناخت گروگرام کے رہنے والے کے طور پر ہوئی ہے وہاں ایک ٹیم بھیج دی گئی ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ تمام ملزمین کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔

Comments are closed.