حلیہ بدل کر امرت پال سنگھ فرار، غیر ضمانتی وارنٹ جاری

پولس نے خالصتانی رہنما تصاویر شیئر کیں، فرار ہونے میںمدد کرنے والے چار گرفتار، ۸۰ ہزار پولس اہلکار کیا کررہے تھے، ہائی کورٹ کی پھٹکار ، رپورٹ طلب، مفرور پر این ایس اے لگایا، اہلیہ کے بینک اکائونٹ کی جانچ شروع، حامیو ںپر لاٹھی چارج
چنڈی گڑھ۔۲۰؍ مارچ:وارث پنجاب دے تنظیم کے لیڈر اور خالصتان حامی امرت پال سنگھ کو پولس گزشتہ چار دنوں سے ڈھونڈ رہی ہے، امرت پال کہا ہے، ابھی اس کی کوئی اطلاع نہیں ہے، اب پولس کا کہنا ہے کہ امرت پال حلیہ بدل کر فرار ہوگیا ہے، پولس نے اس کی نئی پرانی تصاویر جاری کی ہے۔ پولس نے اس پر این ایس اے بھی لگایا ہے، اور اس کی اہلیہ کرن دیپ کور اور خاندان کے بینک اکائونٹ کی تحقیقات کررہی ہے، جانچ کےلیے امرت پال کے پانچ سو قریبیوں کی لسٹ بھی تیار کی ہے، ابھی تک ۱۵۴ کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ اسی درمیان پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے منگل کو حکومت سے پوچھا کہ جب امرت پال ملک کے لیے خطرہ بتایا تو اسے ابھی تک پکڑا کیوں نہیں کیا۔ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے منگل کے روز ریاستی حکومت سے پوچھا کہ امرت پال کے علاوہ بقیہ تمام ملزمان کو کس طرح گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت نے کہا، اگر وہ بچ کر نکل گیا ہے تو یہ انٹیلی جنس کی ناکامی ہے۔جسٹس این ایس شیخاوت نے ایڈوکیٹ جنرل ونود گھئی سے پوچھا کہ وہ (امرت پال سنگھ) کیسے بچ گیا؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم نے اس کیس میں دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ بنچ نے پوچھا کہ امرت پال سنگھ کے علاوہ باقی سب کو کیسے گرفتار کیا گیا؟ بنچ نے کہا، آپ کے پاس ۸۰ ہزار پولیس اہلکار ہیں۔ اسے گرفتار کیسے نہیں کیا گیا؟ اگر وہ بچ گیا تو یہ انٹیلی جنس کی ناکامی ہے۔ایڈووکیٹ جنرل نے کہا، کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے۔ جی ۲۰سربراہی اجلاس بھی جاری تھا۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں وکیل تنو بیدی کو ایمیکس کیوری مقرر کیا اور سماعت چار دن کے لیے ملتوی کر دی۔ عدالت نے حکومت سے اسٹیٹس رپورٹ بھی طلب کر لی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ امرت پال سنگھ کے خلاف این ایس اے کی درخواست کی گئی ہے۔امرت پال پر کارروائی کی مخالفت میں ۹۰ گھنٹوں سے موہالی ایئر پورٹ روڈ جام کرکے بیٹھے حامیوں پر پنجاب پولس نے سختی کردی ہے، پولس نے مظاہرین کے ٹینک کو اکھاڑ دیا ہے اورعلاقہ خالی کروالیا ہے، موہالی ڈی سی آشکا جین نے کہاکہ گرودوارہ میں داخلے کو لے کر عقیدت مندوں کو پریشانی ہورہی تھی اس لیے مظاہرین کو وہاں سے ہٹایاگیا ہے اب حالات قابو میں ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ موہالی میں پولس کو ہلکا لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔ ادھر امرت پال کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کردیا گیا ہے، حکومت نے ۷۲ گھنٹے بعد نصف پنجاب میں انٹرنیٹ سروس شروع کردی ہے، ترنتارن، فیروز پور موگا، سنگرور، امرتسر میں انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس خدمات ۲۳ مارچ کی دوپہر ۱۲ بجے تک بند رہیں گی۔ دریں اثناء آئی جی سکھ چین سنگھ گل نے بتایاکہ امرت پال کو بھگانے میں مدد کرنے والے چار ساتھیوں کو پولس نے پکڑ لیا ہے، پولس کی نظر سے بچنے کےلیے امرت پال نے اپنا حلیہ تبدیل کرلیا تھا، پولس نے بتایا کہ آخری مرتبہ وہ موٹرسائیکل پر تین لوگوں کے ساتھ فرار ہوا ہے۔ آئی جی سکھ چین سنگھ نے بتایاکہ امرت پال سنگھ آخر میں اپنےچار ساتھیوں من پریت منا (شاہ کوٹ)، گردیپ دیپا (نکودر) ہرپریت ایلیا ہیپی اور گربھیج بھیجا کی مدد سے بریجا کار میں بھاگا تھا، یہ بریجا کار پولس نے من پریت منا کے گھر سے برآمد کرلی ہے، اس کے ساتھ ہی منا ، دیپ، ہیپی اور بھیجا کو بھی گرفتار کرلیاگیا ہے، پولس کو بریجا کار میں ایک ۳۱۵ بور رائیفل، تلواریں، اور واکی ٹاکی ملی ہے، پولس نے ملزمین کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرلیا ہے۔
Comments are closed.