Baseerat Online News Portal

23مارچ:آج ہی کے دن پاکستان کی قراردادپیش کی گئی تھی

بصیرت نیوزڈیسک
آج 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بانیان پاکستان کو ان کی ‘انتھک جدوجہد کے لیے شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
برصغیر کی آزادی کی تحریک کے دوران 23 مارچ 1940کو لاہور میں ایک اجلاس میں مولوی فضل الحق نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت پاکستان کے لیے قرارداد پیش کی تھی۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔
کفایت شعاری پالیسی کے تحت اس مرتبہ پاک فوج کی پریڈ شکر پڑیاں کے بجائے ایوان صدر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن خراب موسم کے باعث پریڈ ملتوی کردی گئی۔ اب یہ پریڈ 25 مارچ کو ہوگی۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یومِ پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم قیادت نے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا،’’یوم پاکستان بحیثیت قوم ہمیں کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے کی یاد دہانی کراتا ہے۔‘‘
انیان پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ آزادی کے وقت "ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، چیلنجز کے باوجود ہم نے مسلسل محنت اور قابلیت سے ہر شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ ریاستی ادارے قائم کیے، اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، جوہری صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی اور کورونا پر قابو پایا۔”
انہوں نے قانون کی حکمرانی یقینی بنانے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے، معاشرے میں عدم مساوات کم کرنے، خواتین کو با اختیار بنانے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مزید کام کرنے پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ "پاکستان کا قیام یقیناً 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے، ہمارے پچھلے 75سالوں کے سفر نے ہمیں جنگوں سے نبردآزما ہوتے اور قدرتی آفات سمیت بہت سے بحرانوں سے لڑتے دیکھا ہے، کئی مواقع ایسے آئے ہیں جب ہم نے مشکلات پر قابو پالیا اور کئی سنگ میل حاصل کیے، عالمی برادری کے رکن کی حیثیت سے پاکستان نے انسانیت کو درپیش مسائل کے حل اور عالمی امن کے قیام میں ایک ذمہ دار قوم کا کردار ادا کیا ہے۔”
انہوں نے کہا، "مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے، تاہم اس کے حقیقت بننے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، اپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرنا ہوگا اور اپنے اسلاف کی میراث کے مطابق جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔”

Comments are closed.