مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
جاب فیئر’سیراب‘ کے سلسلہ میں عزت افزائی تقریب کا انعقاد
علی گڑھ 25 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے طلباء کے لیے ایک روزہ بھرتی میلے ’’سیراب‘‘ کے کامیاب انعقاد کے لئے کوآرڈینیٹرز اور معاون آرڈینیٹرز کی عزت افزائی کی گئی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے جاب فیئر کے انعقاد اور مختلف کمپنیوں میں یونیورسٹی کے طلباء کے لیے 160 سے زائد پلیسمنٹ کے لیے ٹی پی او جنرل کی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کا باقاعدگی سے اہتمام کرنا چاہئے کیونکہ ان سے نہ صرف ہمارے طلباء کے پلیسمنٹ میں مدد ملتی ہے بلکہ انہیں اپنے کیریئر کے اہداف کا اندازہ لگانے اور اس کے مطابق تیاری کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقرریوں سے یونیورسٹی کی رینکنگ کو بہتر کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
آرگنائزنگ سکریٹری سیراب اور اسسٹنٹ ٹی پی او ڈاکٹر جہانگیر عالم نے کہا کہ ٹی پی او والنٹیئرز اس دفتر کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کا تعاون بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام تعلیمی ادارے اور انڈسٹری کے درمیان خلیج کو پُر کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔
معاون کنوینر، سیراب اور اسسٹنٹ ٹی پی او ڈاکٹر مزمل مشتاق نے ٹی پی او جنرل کی مختلف سرگرمیوں اور اے ایم یو کے طلباء کے کیریئر کی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
کائنات فاضل خان نے سیراب کی ایک رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ بھرتی میلے کے لیے 1200 سے زائد رجسٹریشن کئے گئے تھے، 700 سے زائد طلباء نے شرکت کی اور 160 سے زائد طلباء کو 24 کمپنیوں کی جانب سے جاب آفر موصول ہوئے۔
مسٹر سعد حمید، ٹی پی او (جنرل) نے جاب فیئر کے کامیاب انعقاد میں یونیورسٹی انتظامیہ کے تعاون اور رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔
اے ایم یو کے طلباء یتندر چودھری اور عرشی ظہیر نے سیراب میں شرکت کے اپنے تجربات بیان کئے۔ سیراب کی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں مختلف پروگراموں کی جھلک پیش کی گئی تھی ۔ صبیحہ عقیل نے پروگرام کی نظامت کی جبکہ انعامہ نقوی نے شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
27 مارچ کو سرسید کی برسی منائی جائے گی
علی گڑھ، 25 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور، یونیورسٹی کے اساتذہ اور افسران 27 مارچ کو یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں علیہ الرحمہ کی برسی کے موقع پر قرآن خوانی میں شریک ہوں گے اور سرسید کی قبر پر پھولوں کی چادر پیش کی جائے گی۔
ناظم ، سنّی دینیات کے مشورے کے مطابق 27 مارچ کو دوپہر دو بجے قرآن خوانی ہوگی، اس کے بعد 2.40 بجے یونیورسٹی جامع مسجد کے احاطے میں واقع مزار سرسید پر پھولوں کی چادر پیش کی جائے گی۔
سرسید کی موت کو ایک عظیم خسارہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے ۔ ان کا انتقال 1898 ء میں 81 سال کی عمر میں ہوا تھا۔
٭٭٭٭٭٭
سالانہ فیسٹیول کا اختتام
علی گڑھ 25 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سنٹر، کشن گنج، بہار میں سالانہ فیسٹیول ’کارواں2023‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں نعت مقابلہ، مضمون نویسی کا مقابلہ، ٹریزر ہنٹ، گلوکاری، شاعری، ڈبیٹ، اوپن مائیک، فی البدیہہ تقریر، ڈمب شراڈ، آئی پی ایل نیلامی، کوئز، اور فیشن شو جیسے ثقافتی پروگرام ہوئے۔
اختتامی تقریب میں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈائریکٹر انچارج مسٹر شفیع احمد نے مسابقتی پروگراموں میں طلباء کی شرکت کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ مستقل بنیادوں پر ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیں کیونکہ اس سے ان کی شخصیت کی نشوونما اور زندگی میں زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
مختلف مقابلوں کے فاتحین کو انعامات اور توصیفی اسناد پیش کی گئیں، جبکہ ڈاکٹر زیبا ناز (یونٹ کوآرڈینیٹر) نے اساتذہ کو ٹرافیاں پیش کیں جن میں مسٹر یاسر امام، ڈاکٹر محمد شہزاد عالم، ڈاکٹر فیض محمد، ڈاکٹر وقاص نیازی ، ڈاکٹر محمد عاصم، اور ڈاکٹر محمد یوسف جاوید شامل تھے۔ انہوں نے غیر تدریسی عملے کے تعاون کو بھی سراہا۔ سینئر ہاؤس بوائے فرحان عالم اور سینئر ہاؤس گرل علینہ خان نے پروگرام کی نظامت کی اور شکریہ کے کلمات ادا کئے ۔
٭٭٭٭٭٭
چار طلباء آئی آئی ٹی- گیٹ (جیومیٹکس) میں کامیاب ہوئے
علی گڑھ، 25 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے انٹر ڈسپلنری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلی کیشنز کے چار طلباء نے آئی آئی ٹی- گیٹ (GATE) امتحان (جیومیٹکس) 2023 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ڈاکٹر حارث حسن خاں، چیئرپرسن، انٹر ڈسپلنری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلی کیشنز نے بتایا کہ مذکورہ مقابلہ جاتی امتحان میں زہیل عبداللہ (اے آئی آر-92)، محمد ساجد (اے آئی آر-237)، ایاز عابد (اے آئی آر- 237) ، اور احسن سعید (AIR-297) نے کامیابی حاصل کی۔
٭٭٭٭٭٭
ایس ایس ہال (جنوبی) میں ادبی و ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد
علی گڑھ 25 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سرسید ہال (جنوبی) میں تین روزہ سالانہ ادبی و ثقافتی فیسٹیول ’کارواں2.0‘ کا انعقاد کیا گیا ، جس کا افتتاحی پروگرام اسٹریچی ہال میں ہوا۔ اس فیسٹیول میں مضمون نویسی، خطاطی، قرأت، نعت، فی البدیہہ شاعری، کوئز اور ڈبیٹ کے مقابلے ہوئے۔
افتتاحی پروگرام میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر عفیف اللہ خاں (او ایس ڈی ڈیولپمنٹ، اے ایم یو) نے کہا کہ اے ایم یو ان منفرد اداروں میں سے ایک ہے جہاں آپ تعلیم کے ساتھ ساتھ ادبی و ثقافتی سرگرمیوں اور کھیلوں میں حصہ لے کر اپنی شخصیت کو ہر پہلو سے نکھارتے ہیںاور زندگی گزارنے کا فن سیکھتے ہیں۔
ڈاکٹر سید تحسین رضا (شعبہ اسٹریٹیجک اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز) نے طلباء پر زور دیا کہ استقامت، لگن اور عزم کے ساتھ محنت کریں اور زندگی میں امتیاز اور کامیابی حاصل کریں۔
مسٹر پرویز عالم (شعبہ سیاسیات) نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ مقابلوں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں اور کامیاب نہ ہونے پر دل شکستہ نہ ہوں۔ درحقیقت اس طرح کے پروگرام خوابیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں مددگار ہوتے ہیں۔
مسٹر محمد علّام (ایس ٹی ایس اسکول) نے علی گڑھ تحریک کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی اور آنے والی نسلوں کے لیے اس کی اہمیت و معنویت بیان کی۔ قبل ازیں ہال کے پرووسٹ ڈاکٹر فاروق احمد ڈار نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
افتتاحی تقریب کی نظامت ڈاکٹر ایچ انصار اور جمیل حسین( ریسرچ اسکالر) نے کی، جبکہ ڈاکٹر مزمل الرحمن نے شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.