عبادتوں کو درست کرنے کیلئے مسائل سے واقفیت کا ہونا انتہائی ضروری: مولانا عبد اللہ قاسمی

کانپور۔۲۶؍ مارچ: رمضان کے روزہ اور تراویح، زکوٰۃ، صدقہ، قرآن کی تلاوت کے ساتھ ہی دیگر عبادتوں کے درست ہونے کیلئے مسائل سے واقفیت کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ کیونکہ مسائل سے واقفیت کے بغیر اللہ رب العزت کے حضورہماری کسی بھی عبادت کا حق ادا نہیں ہو سکتا۔ جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے عوام سے سوال کیا کہ دنیا کے کسی بھی کام کو کرنے یا کرانے کیلئے ہم اس کے طریقہ کار اور جانکار سے رجوع کرتے ہیں تو پھر ہم اپنے دین وایمان کے معاملے میں شرعی مسائل جیسے اہم کام کو نظر انداز کیوں کرتے ہیں؟ اس لئے تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ شرعی مسائل میں اپنا ذہن ودماغ نہ لگائیں بلکہ پختہ رہنمائی کیلئے معتبر علماء سے رجوع کریں۔ مولانا نے آگے کہا کہ تراویح میں قرآن کریم کا دور سننا مستقل ثواب ہے،لیکن جس طرح تراویح رمضان کے چاند کی تصدیق پر شروع کیا ہے اسی طرح شوال کا چاند دیکھ کر ہی تراویح پڑھنا بند کریں۔ مولانا نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں عموماً ہوتا یہ ہے کہ لوگ پانچ یا سات دن کی تراویح پڑھ لیتے ہیں،اس میں بھی آدھے پڑھتے ہیں اور آدھے پیچھے بیٹھ کر بے جامصروفیات میں لگے رہتے ہیں اور جب امام رکوع میں جاتا ہے تو پان مصالحہ کو منھ میں دبا کر ہی جلدی سے رکوع کر لیتے ہیں، ایسا کرنا شرعاً ناجائز اور حرام ہے اور اس کے ساتھ ہی اپنی عبادات اور رمضان کا مذاق اڑانا ہے۔ ایسا کرنے والے پہلی فرست میں اپنے ایمان کا جائزہ لیں۔ مولانا عبد اللہ قاسمی نے فرمایا کہ صاف اور اچھا پڑھنے والے حفاظ کے پیچھے ہی پورے مہینے20رکعت تراویح پڑھیں، اس میں اگرچہ آپ کا وقت تھوڑا زیادہ لگے گا، لیکن انشاء اللہ آپ کو اس کا پورا ثواب اور دل کو سکون ضرور ملے گا۔
Comments are closed.