کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 : ووٹنگ 10 مئی کو ہوگی، نتائج 13 مئی کو

نئی دہلی(ایجنسی)کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 کے لیے ووٹنگ 10 مئی کو ہوگی۔ انتخابی نتائج 13 مئی کو آئیں گے۔ مرکزی الیکشن کمیشن نے آج کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ کرناٹک میں کل 224 اسمبلی سیٹیں ہیں۔ اس وقت ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ہے اور بسواراج بومائی وزیر اعلیٰ ہیں۔ کرناٹک میں کل 52173579 ووٹر ہیں، جب کہ 9.17 لاکھ نئے ووٹر شامل ہوئے ہیں۔ یکم اپریل کو 18 سال کے ہونے والے بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔ 100 بوتھوں پرمعذورملازمین کو تعینات کیا جائے گا۔
جولائی 2019 میں کرناٹک میں 2018 کے اسمبلی انتخابات کے بعد تشکیل دی گئی جے ڈی (ایس) – کانگریس مخلوط حکومت کے خاتمے کے بعد کرناٹک میںبی جے پی برسراقتدار آئی۔ بی جے پی نے جے ڈی (ایس) کانگریس اتحاد کے کئی باغی ایم ایل ایز کی حمایت سے یہ حکومت بنائی۔ بعد میں، باغی ایم ایل اے بی جے پی میں شامل ہو گئے اور ضمنی انتخابات لڑے اور جیت گئے۔ موجودہ اسمبلی میں بی جے پی کے 121 ایم ایل اے ہیں۔ کانگریس کے پاس 70 ایم ایل اے ہیں اور جے ڈی (ایس) کے پاس 30 ایم ایل اے ہیں۔ بی جے پی نے اپنے دور اقتدار میں وزیر اعلیٰ کو بھی تبدیل کیا۔ بی ایس یدی یورپا نے جولائی 2021 میں وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان کی جگہ موجودہ وزیر اعلیٰ بسواراج بومائی کو تخت پر بٹھایا گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے آج بتایا کہ تقریباً 1320 پولنگ اسٹیشنوں پر صرف خواتین عملہ موجود رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی ہم خواتین کو بااختیار بنانے کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔ ہم 240 پولنگ سٹیشنز کو ماڈل پولنگ سٹیشن بنائیں گے۔ نوجوانوں کو پولنگ سٹیشنوں تک لانے کے لئے 224 پولنگ سٹیشن کوصرف نوجوان ہی چلائیں گے۔ کرناٹک میں 58282 پولنگ اسٹیشن ہیں جن میں سے 20866 شہری مراکز ہیں۔ ان میں سے 50 فیصد پولنگ اسٹیشنز یعنی 29140 پر ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ ہم نے کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے لیے پولنگ کا دن بدھ کے طور پر رکھا ہے۔ جس کی وجہ سے امکان ہے کہ لوگ باہر نہیں جا پائیں گے کیونکہ دو دن کی چھٹی ملنا تھوڑا مشکل ہو گا۔ لوگ ووٹ ڈالنے آئیں گے۔ اسمبلی انتخابات کا نوٹیفکیشن 13 اپریل کو جاری کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 اپریل ہے اور 24 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکتے ہیں۔ راجیو کمار نے کہا کہ کرناٹک میں 80 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں اور معذور ووٹروں کے لیے گھر سے ووٹ ڈالنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔

Comments are closed.