ماہ رمضان کے لئے آسمان میں تیاریاں
ابو معاویہ محمد معین الدین ندوی قاسمی
ادارہ تسلیم و رضا سمری دربھنگہ (بہار)
ماہ رمضان المبارک بڑا ہی بابرکت اور مقدس مہینہ ہے اس ماہ کی آمد کی تیاری ساتوں آسمان وزمین میں ہوتی ہے، ساتوں آسمان میں کیسی تیاری ہوتی ہے اللہ کے رسول ﷺکا فرمان ہے:
*عن أبي هريرة رضي الله عنه أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال:«اذا جاء رمضان ،فتحت أبواب الجنة ،وغلقت أبواب النار وصفدت الشياطين»*(صحيح البخاري:٥٦٧٣)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا:”جب رمضان المبارک کا مہینہ آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیاطین کو قید کردیا جاتا ہے۔
اور صحیح مسلم کی روایت اس طرح ہے:
*«فتحت أبواب الرحمة،وغلقت أبواب جهنم،وسلسلت الشياطين»*
یعنی رحمت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے ۔
ایک روایت اس طرح ہے:
*عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : ” إِذَا كَانَتْ أَوَّلُ لَيْلَةٍ مِنْ رَمَضَانَ ، صُفِّدَتِ الشَّيَاطِينُ ، وَمَرَدَةُ الْجِنِّ ، وَغُلِّقَتْ أَبْوَابُ النَّارِ ، فَلَمْ يُفْتَحْ مِنْهَا بَابٌ ، وَفُتِحَتْ أَبْوَابُ الْجَنَّةِ ، فَلَمْ يُغْلَقْ مِنْهَا بَابٌ ، وَيُنَادِي مُنَادٍ : يَا بَاغِيَ الخَيْرِ أَقْبِلْ ، وَيَا بَاغِيَ الشَّرِّ أَقْصِرْ ، وَلِلَّهِ عُتَقَاءُ مِنَ النَّارِ ، وَذَلكَ كُلُّ لَيْلَةٍ "*
(رواه الترمذى وابن ماجه)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جب رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے تو شیاطین اور سرکش جنات جکڑ دئیے جاتے ہیں اور دوزخ کے سارے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور ان میں سے کوئی دروازہ بھی کھلا نہیں رہتا اور جنت کے تمام دروازے کھول دئیے جاتے ہیں ، ان کا کوئی دروازہ بھی بند نہیں کیا جاتا ، اور اللہ کا منادی پکارتا ہے کہ اے خیر اور نیکی کے طالب قدم بڑھا کے آ ، اور اے بدی اور بدکرداری کے شائق رک ، آگے نہ آ ، اور اللہ کی طرف سے بہت سے (گناہ گار) بندوں کو دوزخ سے رہائی دی جاتی ہے (یعنی ان کی مغفرت کا فیصلہ فرما دیا جاتا ہے) اور یہ سب رمضان کی ہر رات میں ہوتا رہتا ہے ۔ (جامع ترمذی ، سنن ابن ماجہ)
یہ ساری چیزیں آسمان میں ہوتی ہیں،گویا کہ ماہ رمضان کے لئے آسمان میں تیاریاں ہوتی ہیں۔
اس سے بڑی فضیلت اور کیا ہوگی کہ ملائکہ آسمان پر مسلمانان عالم کے لئے پورے ماہ رمضان المبارک برابر استغفار کرتے ہیں، ایک حدیث میں ہے ملائکہ سحری کرنے والوں کے لیے استغفار کرتے ہیں:
*قال رسول الله ﷺ:«إن الله و ملائكته يصلون على المتسحرين»*(رواہ ابن حبان)
نبی کریم ﷺنے فرمایا: اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے سحر کرنے والوں کے لئے استغفار کرتے ہیں ۔
اس حدیث پاک سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جب سحر کرنے والوں کے لئے یہ فضیلت ہے تو روزہ رکھنے والوں کے لئے کس قدر فضیلت ہوگی۔
اللہ تعالیٰ روزہ رکھنے والوں کے لئے خصوصی طور پر جنت میں ایک دروازہ بنایا ہے جسے "ریان”کہا جاتا ہے اس دروازہ سے صرف روزہ دار ہی جنت میں داخل ہوگا،صحیحین کی روایت ہے:
*عَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ قَالَ : ” إِنَّ فِي الجَنَّةِ بَابًا يُقَالُ لَهُ الرَّيَّانُ ، يَدْخُلُ مِنْهُ الصَّائِمُونَ يَوْمَ القِيَامَةِ ، لاَ يَدْخُلُ مِنْهُ أَحَدٌ غَيْرُهُمْ ، يُقَالُ : أَيْنَ الصَّائِمُونَ؟ فَيَقُومُونَ لاَ يَدْخُلُ مِنْهُ أَحَدٌ غَيْرُهُمْ ، فَإِذَا دَخَلُوا أُغْلِقَ فَلَمْ يَدْخُلْ مِنْهُ أَحَدٌ "*
(رواه البخارى ومسلم)
حضرت سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : جنت کے دروازوں میں ایک خاص دروازہ ہے جس کو “ باب الریان ” کہا جاتا ہے ۔ اس دروازے سے قیامت کے دن صرف روزہ داروں کا داخلہ ہو گا ، ان کے سوا کوئی اس دروازے سے داخل نہیں ہو سکے گا ۔ اس دن پکارا جائے گا کہ کدھر ہیں وہ بندے جو اللہ کے لیے روزے رکھا کرتے تھے اور بھوک پیاس کی تکلیف اٹھایا کرتے تھے ؟ وہ اس پکار پر چل پڑیں گے ۔ اس کے سوا کسی اور کا اس دروازے سے داخلہ نہیں ہو سکے گا ۔ جب وہ روزہ دار اس دروازے سے جنت میں پہنچ جائیں گے تو یہ دروازہ بند کر دیا جائے گا ، پھر کسی کا اس سے دخلہ نہیں ہو سکے گا۔
روزہ داروں کے لئے اتنی زیادہ تیاریاں ہوتی ہیں، اس کے باوجود ہم اور آپ سچی توبہ کے لئے تیار نہیں ہیں، اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لئے کمربستہ نہیں ہیں،اپنے گھروں کو محرمات اشیاء سے پاک صاف نہیں کررہے ہیں۔
اللہ کے واسطے ہم ان برائیوں سے پاک ہوجائیں،اور خالص اللہ تعالیٰ کے لئے یہ نیت کریں کہ ہم اس ماہ رمضان المبارک ہی کو نہیں بلکہ اپنی پوری زندگی اپنے رب کی اطاعت کے لئے تیار کر لیں تاکہ رب کریم کی تیار شدہ جنت میں جانے والوں کی فہرست میں ہم شامل ہوجائیں۔
Comments are closed.