جمشیدپور: مذہبی پرچم کی توہین پرہنگامہ،پتھراؤ اورآتش زنی کے بعددفعہ 144نافذ

جمشید پور(ایجنسی) جمشیدپورکے شاستری نگر میں، مذہبی پرچم کی مبینہ بے حرمتی کے بعد دو گروپوں کی طرف سے پتھراؤ اور آتش زنی کے بعد اتوار کی شام کو علاقے میں امتناعی احکامات نافذ کر دیے گئے۔یہ اطلاع اعلیٰ افسران نے دی۔انہوں نے بتایا کہ پرتشدد ہجوم نے دو دکانوں اور ایک آٹو رکشا کو نذر آتش کر دیا۔
حکام نے بتایا کہ پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔ افسران نے مزید نے بتایا کہ کڑما تھانہ علاقہ کے تحت شاستری نگر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔
سب ڈویژنل آفیسر پیوش سنہا نے کہا، "ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کیے گئے ہیں۔”
مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے ڈپٹی کمشنر وجئے جادھو نے کہا کہ کچھ سماج دشمن عناصر امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے عام شہریوں سے تعاون کی درخواست کی۔
پولیس نے کہا کہ علاقے میں ہفتہ کی رات سے کشیدگی پھیل گئی جب ایک مقامی تنظیم کے ارکان نے رام نومی پرچم پر گوشت کا ایک ٹکڑا چسپاں پایا۔
بتا دیں کہ اس سے قبل جمشید پور میں رام نومی جلوس کے دوران دو گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پتھراؤ کیا گیا تھا۔ بعد میں ہلدی پوکھر میں کچھ لوگوں نے پوٹکا کے عدالتی افسر کو معطل کرنے اور پتھراؤ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے بند کی کال دی، جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔

Comments are closed.