مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
اے ایم یو ڈاکٹر کو اعزازسے نوازا گیا
علی گڑھ، 11 اپریل: جے این میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ سرجری کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر واصف محمد علی کو امریکن کالج آف سرجنس کا فیلو مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل انہیں لکھنؤ میں منعقدہ ایسوسی ایشن آف سرجنس آف انڈیا، یوپی چیپٹر کی 48ویں کانفرنس میں ینگ آؤٹ اسٹینڈنگ سرجیکل ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
٭٭٭٭٭٭
’پروستھوڈانٹکس میں کلینیکل ٹریننگ ‘ پروگرام کا آغاز یکم مئی سے ہوگا
علی گڑھ، 11 اپریل: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج (زیڈ اے ڈی سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پروستھوڈانٹکس شعبہ کی جانب سے تین ماہ کے سیلف فائنانس، مشاہدہ پر مبنی تربیتی پروگرام ‘کلینیکل ٹریننگ اِن پروستھوڈانٹکس’ کا آغاز یکم مئی 2023 سے ہوگا۔
صدر شعبہ پروفیسر شائستہ افروز نے بتایا کہ بی ڈی ایس گریجویٹ جنہوں نے ڈینٹل کونسل آف انڈیا کے تسلیم شدہ اداروں سے بی ڈی ایس اور انٹرن شپ کی تکمیل کی ہے وہ داخلے کے لئے اہل ہیں۔ امیدوار اپنے درخواست فارم پُر کرکے prosthodontics6zadc@gmail.com
یا chairperson.pv@amu.ac.in پر 24 اپریل 2023 تک ای میل کرسکتے ہیں۔
داخلہ کے وقت بطور فیس پچاس ہزار روپے جمع کرنے ہوں گے۔ کورس میں داخلہ، پہلے آؤ پہلے پاؤ؍انتظاری فہرست کی بنیاد پر دیا جائے گا ۔
ویب سائٹ www.amu.ac.in/department/prosthodontics-and-dental-material/useful-download سے درخواست فارم کو ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
٭٭٭٭٭٭
بزم ادب خواتین کی جانب سے ادبی نشست کاانعقاد
علی گڑھ، 11 اپریل: علی گڑھ کی ادبی وثقافتی تنظیم ’بزم ادب خواتین‘ کی جانب سے ایک ادبی نشست محترمہ روبینہ اسد بلگرامی کی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی جس میں کافی تعداد میں اراکین بزم ادب نے شرکت کی۔ نشست کا آغاز محترمہ ریحانہ محسن نے تلاوت قرآن پاک اور اس کے ترجمہ سے کیا۔
محترمہ عائشہ ترمذی نے اللہ تعالیٰ کی شان میں ایک حمد کا نذرانہ اپنی خوبصورت آواز میں پیش کیا۔ پروفیسر فائزہ عباسی نے ’’مونگ پھلی اور موبائل‘‘، کے عنوان سے ایک مزاحیہ مضمون پڑھ کر سنایا۔ محترمہ آصف اظہار علی نے اپنی یادوں کے رنگ میں رنگا ہوا ’’یادوں کی دھنک‘‘ کے عنون سے اپنا ایک مضمون حاضرین کے روبرو پیش کیا۔ محترمہ کہکشاں خاں نے ماہ رمضان اور اس کی فضیلت پر ایک پُراثر مضمون پڑھا۔
محترمہ نرجس فاطمہ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ایک تنقیدی جائزہ‘‘ کے عنوان سے پڑھ کر سنایا۔ محترمہ ریحانہ محسن نے اخلاقیات اور معاملات پر چند ضروری ہدایات قرآن کی روشنی میں پیش کیں۔ شاعرہ عفت صدیقی نے اپنی ایک عمدہ نظم سامعین کے روبرو پڑھ کر سنائی۔ مشہور شاعرہ محترمہ صبیحہ سنبل نے اپنی چند غزلیں ترنم کے ساتھ سنا کر ایک سماں باندھ دیا۔ محترمہ آصف اظہار علی نے بھی اپنی ایک نظم ’’پتھر کی دھڑکن‘‘ پڑھ کر سنائی اور خواتین کی یہ کامیاب محفل اختتام کو پہنچی۔
محترمہ روبینہ اسد بلگرامی نے بزم ادب کی اراکین کے لیے ایک پُرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا تھا جس کا سب نے لطف اٹھایا۔
Comments are closed.