’اپوزیشن اتحاد پر تاریخی میٹنگ‘نتیش کمار سے ملاقات کے بعدبولے ملکارجن کھرگے
نئی دہلی(ایجنسی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے سے دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو سمیت کانگریس، آر جے ڈی اور جے ڈی یو کے کئی بڑے لیڈر موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد ملکارجن کھرگے نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے لیے یہ ایک تاریخی میٹنگ تھی۔ اس میں اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ سب مل کر لوک سبھا انتخابات سے پہلے ہم خیال جماعتوں کو ساتھ لائیں گے۔
میٹنگ کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں نتیش کمار نے کہا کہ ہم سب نے بہت سے مسائل پر بات چیت کی ہے اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ہمیں لوک سبھا انتخابات کو متحد ہوکر لڑنا ہے۔ دوسری طرف راہل گاندھی نے کہا کہ جیسا کہ کھرگے جی اور نتیش جی نے کہا ہے، ہم اپوزیشن کو متحد کریں گے، ہم ان تمام پارٹیوں کو اکٹھا کریں گے جو نظریات کی سطح پر اکٹھے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے تمام آئینی ادارے حملوں کی زد میں ہیں۔
Comments are closed.