مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

اے ایم یو کے 48 طلباء کا انٹرن کے طور پر انتخاب
علی گڑھ، 19 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے زیر اہتمام منعقدہ پلیسمنٹ مہم میں ملک کے معروف ریسرچ ادارے پرایڈیکو گلوبل ریسرچ پرائیویٹ لمیٹیڈ نے یونیورسٹی کی کامرس اور مینجمنٹ فیکلٹیوں سے 48 طلباء کو بطور انٹرن منتخب کیا ہے۔
فیکلٹی آف مینجمنٹ سے منتخب کئے گئے طلباء میں محمد نبیل، فرحان ذکی، سونل اگروال، محمد امان، سہیل، چھوی گرگ، ذبیح الحق، نکل گپتا، رشبھ کمار سنگھ، محمد عریش خان، انوپم کماری، احد شکیل، محمد اریب، سہانا بیگم، محمد ناظم، محمد ارمان عارف، عظمیٰ جمال، جبکہ فیکلٹی آف کامرس سے منتخب شدہ طلباء میں ردا فاطمہ، ارم فاطمہ، محمد نوشاد، محمد حذیفہ خان، سبط جعفر، جھلک وارشنے، تسمیہ شیخ، منال تحسین ملک، یحییٰ خان، محمد اویس خان، نشرہ شمیم، محمد فیض لطیف، انعام اللہ خان، اسد احمد، شاہ فیصل، اشیش کمار، شاہد قریشی، خدیب احمد، محمد ارسلان، ساحل خان، عبدالقادر، کلثوم رؤف، محمد بلال ظفر، ثمن پرویز، رضوان خان، محمد ارشد جمال، ابھیشیک بجاج، یش بگھیل، آرائش گوہر، محمد نبیل شمسی اور فراز خان شامل ہیں۔
ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر مسٹر سعد حمید نے بتایا کہ منتخب انٹرنز ریسرچ اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ ایسوسی ایٹ کے طور پر کام کریں گے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو ٹیچر کو ڈی ایس ٹی-ایس ای آر بی پروجیکٹ سے نوازا گیا
علی گڑھ، 19 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ جیولوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اضرار احمد کو کور ریسرچ گرانٹ (سی آر جی) زمرے میں ڈی ایس ٹی- ایس ای آر بی پروجیکٹ سے نوازا گیا ہے۔ یہ تحقیقی گرانٹ 41 لاکھ روپے سے زائد کی ہے اور اس کا بنیادی موضوع پانی اور توانائی کا ربط ہے جس میں زیر زمین سطح آب میں آنے والی کمی، معیار کی خرابی، توانائی کی مانگ میں اضافہ اور اس کے سماجی و اقتصادی اثرات جیسے امور و مسائل شامل ہیں ۔
ڈاکٹر اضرار احمد نے محکمہ سائنس و ٹکنالوجی- ایس ای آر بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ زیر زمین آبی وسائل کے معیاری اور مقداری مسائل کا احاطہ کرے گا،اور ریاضیاتی ماڈلنگ کے ذریعہ مستقبل میں زیر زمین آب کے ذخیرہ سے متعلق رجحانات کی پیش گوئی کرے گا۔
پروجیکٹ کے شریک پرنسپل انویسٹی گیٹر پروفیسر راشد عمر نے کہا کہ پروجیکٹ کے نتائج قومی آبی تحفظ اور پائیدار ترقیاتی مہمات میں مثبت کردار ادا کریں گے۔
٭٭٭٭٭٭
یونیورسٹی کیمپس میں وسیع پیمانے پر چھڑکاؤ اور فوگنگ
علی گڑھ، 19 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس میں طلباء و طالبات کے مختلف اقامتی ہالوں اوررہائشی کالونیوں میں مچھروں کی روک تھام کے لئے وسیع پیمانے پر چھڑکاؤ اور فوگنگ کی کارروائی کی جارہی ہے۔ یہ مہم یونیورسٹی ہیلتھ آفس کے ذریعے چلائی جا رہی ہے، جس کے تحت ایک تفصیلی روسٹر تیار کیا گیا ہے اور اس طرح پورے کیمپس کا احاطہ کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی ہیلتھ آفس نے اے ایم یو میںاقامت پذیر طلباء اور افراد سے حفظان صحت اور صفائی برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ کوڑا کرکٹ کو مخصوص کوڑے دانوں میں ہی مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے۔ دفتر کی جانب سے ان مقامات سے کوڑا کرکٹ کو مستقل بنیادوں پر ہٹایا اور ٹھکانے جارہا ہے۔
یونیورسٹی ہیلتھ آفس، یونیورسٹی کیمپس اوریونیورسٹی کی کالونیوں میں صفائی کی ذمہ داری نبھاتا ہے۔ اس میں بنیادی طور سے یونیورسٹی کیمپس کی تمام عمارتوں اور سڑکوں کی صفائی،ٹھوس کچرے کو جمع کرنا اور ٹھکانے لگانا، نالوں کی صفائی اور ویکٹر کنٹرول پروگرام چلانا شامل ہیں۔
یونیورسٹی کے عملے، طلباء اور تمام متعلقہ لوگوں کے تعاون کے ساتھ کیمپس کے سرسبز و شاداب ماحول اور پائیدار ترقی کے لیے یونیورسٹی پرعزم ہے۔ یونیورسٹی نے صفائی اور ری سائیکلنگ کے کاموں کے لیے مشینوں کے استعمال میں بھی اضافہ کیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو نے کووڈ-19 کے سلسلہ میں ایڈوائزری جاری کی
علی گڑھ، 19 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے کووِڈ-19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے تمام طلباء اور عملے کے اراکین کووڈ-19 کے سلسلہ میں مطلوب عادات کو اپنائیں، جس میں ماسک پہننا، سینیٹائزر کا استعمال کرنا چاہیے اور صابن و پانی سے بار بار ہاتھ دھونا شامل ہیں۔
آنے والے امتحانات و داخلہ امتحانات کا حوالہ دیتے ہوئے اے ایم یو رجسٹرار مسٹر محمد عمران آئی پی ایس کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں ہدایت دی گئی ہے کہ طلباء لائبریریوں، ریڈنگ روم، اور عوامی مقامات جیسے لفٹ، راہداری اور عوامی عمارات میں ہجوم لگانے سے گریز کریں۔
ایڈوائزری کے مطابق ’’یونیورسٹی ہیلتھ سروس، اور پرووسٹوں وغیرہ کی جانب سے عوامی مقامات پر باقاعدگی کے ساتھ صفائی اور چھڑکاؤ کا کام مختلف حکومتی ہدایات کے مطابق کیا جانا ہے، اور دفاتر کے سربراہان جیسے کہ پرووسٹ وغیرہ بھی کووڈ-19کے سلسلہ میں بیداری کے لئے اپنی ٹیموں کو حساس بنائیں اور کووڈ کے مشتبہ معاملات کی بروقت اطلاع دیں اور فوری علاج کرانے پر زور دیں‘‘ ۔
یونیورسٹی ہیلتھ سروس، میڈیکل اٹینڈنس اسکیم اور جے این ایم سی ایچ کے عہدیداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی وسیع عوامی بیداری کے لیے اپنی سطح سے ضروری ہدایات جاری کریں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ آئسولیشن اور قرنطینہ کے سلسلہ میں، وزارت صحت و کنبہ بہبود، حکومت ہند اور دیگر متعلقہ اداروں کے موجودہ قابل اطلاق رہنما خطوط پر عمل کیا جائے گا۔
کسی بھی فوری مدد کے لیے پراکٹوریل ہیلپ لائن نمبر 9837000614 سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں جی -20 پروگرام سیریز کے تحت بچوں نے لوگو ڈیزائن کئے
علی گڑھ، 19 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے عبداللہ اسکول کے بچوں نے جی -20 کے پروگراموں کی سیریز کے تحت منعقدہ لوگو ڈیزائننگ میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ یونیورسٹی کی مختلف اکائیوں، شعبہ جات، اسکولوں اور کالجوں کی جانب سے جی-20 کے موضوعات پر پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں ۔
عبداللہ ا سکول کی سپرنٹنڈنٹ مس عمرہ ظہیر نے بتایا کہ یکم سے پانچویں جماعت کے 50 سے زائد طلباء نے لوگو ڈیزائننگ کی سرگرمی میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

Comments are closed.