جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے8500 سے زائدخاندانوں کو رمضان کٹس پہنچائی

 

ممبئی: رمضان المبارک کے ابتدائی ایام سے ہی مسلمانوں کے درمیان ضرورتمندوں کی خبر گری کا غیر معمولی جذبہ پایا جاتا ہے ۔ مسلمان صاحب ثروت افراد جہاں اپنی سخاوت و دریا دلی سے ضرورتمندوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کیلئے کوشاں ہوجاتے ہیں وہیں ملی تنظیمیں بھی بڑے پیمانے پر اس کار خیر کی انجام دہی کیلئے سرگرم ہوجاتی ہیں ۔ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کی سبھی یونٹ رمضان کٹس کے نام سے راشن اور رمضان کیلئے اشیائے ضروریہ کی تقسیم میں مصروف رہتی ہے ۔ جماعت کے ارکان و کارکنان ضرورتمندوں کی خبر گری کرتے ہیں اور سروے کرکے رپورٹ مقامی یونٹ میں دیتے ہیں جہاں حسب سہولت کچھ لوگ راشن یا رمضان کٹس لے جاتے ہیں اور اکثر افراد کے گھر جماعت کے کارکنان پہنچاتے ہیں ۔

گذشتہ سال جماعت کی مختلف یونٹ کی جانب سے ایک کروڑ ستائیس لاکھ اسی ہزار کی لاگت سے کل 10650 ؍ رمضان کٹس ضرورتمندوں میں تقسیم کی گئی تھی ۔اس رمضان میں اب تک جو اعداد و شمار آئے ہیں اس کے مطابق ساڑھے آٹھ ہزار رمضان کٹس تقسیم ہوئی ہے لیکن امید ہے دس ہزار سے زائد خاندانوں کو رمضان کٹس پہنچائی گئی ہوگی جس کی رپورٹ ابھی تک نہیں آپائی ہے ۔اس کے علاوہ جماعت اسلامی ہند کی ذیلی تنظیم ویژن 2026کی جانب سے بڑی تعداد میں رمضان کٹس تقسیم کی جاتی ہے ۔ کووڈ سے قبل صرف ویژن 2026 کی طرف سے مہاراشٹر میں پندرہ سے بیس ہزار خاندان کو راشن فراہم کرایا جاتا تھا لیکن بحران کے اس دور میں صرف ایک ہزار خاندانوں کو ہی رمضان کٹس تقسیم کی گئی ہے ۔

اس کے علاوہ ویژن 2026 ارضی و سماوی آفات کے متاثرین کی مکمل باز آبادکاری ، پونے دو سو یتیم بچوں کی تعلیم کے ساتھ مکمل کفالت ،بیوائوں کو ماہانہ وظیفہ جو عام طور پر بقدر ضرورت تین سے پانچ ہزار کے درمیان ہوتا ہے ، اسکل ڈیولپمنٹ کے تحت نوجوانوں کو معاشی استحکام فراہم کرنا اور این وی کے کے تحت عوام کو سرکاری اسکیم کی جانکاری اور اس کے حصول میں تعاون جیسے فلاحی کام شامل ہیں ۔ ویژن2026 کے مستقبل قریب کے منصوبوں میں مثالی گائوں پروجیکٹ بھی شامل ہے ، جس کے تحت منتخب کئے گئے گائوں کی ترقی جدید طرز پر کی جائے گی۔

Comments are closed.