سماج میں مُحبت اور رواداری کا پرچار کرنے کے لیے اسلام سے واقفیت جز و لاینفک: شاکر شیخ

 

جماعت اسلامی ہند ممبئی کے مختلف علاقوں میں برادرانِ وطن کے ساتھ افطار منایا گیا ؛ ٹیگور نگر وکرولی میں برادرانِ وطن نے کی بڑے پیمانے پرشرکت

 

ممبئی

جماعت اسلامی ہند رمضان المبارک میں ایک خصوصی سرگرمی برادرانِ وطن کے ساتھ افطار کا نظم کرتی ہے ۔تاکہ اُن تک روزہ کی اہمیت، افادیت اور مقصد کے حوالے سے رہنمائی کی جائے۔ لہٰذا مختلف مقامات اس خاص سرگرمی کو باضابطگی سے انجام دینے کی حتی المقدور کوشش کرتے ہیں۔ ممبئی کے شہر ٹیگور نگر نے بھی 19 اپریل کو برادرانِ وطن کے ساتھ افطار پارٹی منعقد کی ۔ شاکر شیخ (سیکریٹری جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر) نے شرکا سے خطاب کیا اور مدلل گفتگو پیش کی۔ ریاستی برادران ہونے کے سبب مراٹھی زبان میں آپسی گفتگو اور تقریر کی گئی۔ روزہ کے مقصد اور اُس کے ذریعے حاصل کیا جانا قُربِ الٰہی پر بھی فہمائش کے گئی۔ساتھ ہی ساتھ یہ بھی بتایا کہ روزہ اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک ہے ۔ سماج میں شانتی، امن و امان اور رواداری کا پیغام عام ہونا ازحد ضروری ہے۔ ہم اور آپ مل کر سماج کو بانٹنے کے بجائے ملانے کا کام کرنے پر زور دیں، تب ہی اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب کا احیاء کیا جا سکتا ہے۔

افطار سے پہلے سیشنز رکھے گئے جس میں شرکا نے بھی روزہ کے متعلق مختلف سوالات پوچھے ۔سوالات روزہ پر اور اسلامی عقائد کے حوالے سے بھی تھے جن کا تسلّی بخش جواب دیا گیا ۔شرکا نے جماعت اسلامی کی اس سرگرمی کو مختلف مذاھب کے لوگوں میں قریب آنے اور آپسی غلط فہمیوں کو دور کرنے کا ذریعہ بتایا۔ تمام نے ہر سال ایسی نشستیں منعقد کرنے پر زور دیا۔ٹیگور نگر جماعت اسلامی ہند کے مقامی ذمّے دار ابوبکر شیخ نے رسمِ شکریہ ادا کیے، افطار اور پروگرام کے انتظام میں سراج شیخ اور خان حسین بھی پیش پیش رہے۔

Comments are closed.