کیاپٹنہ میں اپوزیشن جماعتوں کی ہونے جارہی ہے بڑی میٹنگ؟نتیش کمارنے کہی یہ بڑی بات

پٹنہ(ایجنسی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے ہفتہ کو اشارہ کیا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 کے بعد پٹنہ میں اپوزیشن لیڈروں کی میٹنگ ہو سکتی ہے۔ جنتا دل یونائیٹڈ کے اعلیٰ لیڈر نے کہا کہ اس میٹنگ میں اپوزیشن اتحاد کے قیام سے متعلق مسئلہ پر بات ہونے کا امکان ہے۔ نتیش نے کہا، ’’ہم یقینی طور پر ایک ساتھ بیٹھیں گے اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا مقابلہ کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے معاملے پر بات کریں گے۔‘‘
انہوں نے کہا، فی الحال کچھ لیڈر کرناٹک اسمبلی انتخابات میں مصروف ہیں۔ ایک بار جب یہ ختم ہو جائے گا، ہم اپنے اجلاس کے مقام کو حتمی شکل دیں گے۔ اگر پٹنہ کو متفقہ طور پر اپوزیشن لیڈروں کی اگلی میٹنگ کے لیے جگہ کے طور پر چنا جاتا ہے تو یہ یہاں منعقد ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں پٹنہ میں اس میٹنگ کا انعقاد کرکے خوشی ہوگی۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 24 اپریل کو بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو سے کولکتہ میں ملاقات کی تھی۔ اس دوران انہوں نے نتیش پر زور دیا کہ وہ پٹنہ میں تمام غیر بی جے پی پارٹیوں کی میٹنگ منعقد کریں، تاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپوزیشن اتحاد پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ممتا نے کولکاتا میں نتیش سے ملاقات کے بعد کہا تھا، میں نے نتیش کمار سے صرف ایک درخواست کی ہے۔ جئے پرکاش جی کی تحریک بہار سے شروع ہوئی تھی، بہار میں آل پارٹی میٹنگ ہوتی ہے تو ہم فیصلہ کر سکتے ہیں کہ ہمیں کس سمت میں آگے جانا ہے۔
ممتا کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے نتیش نے کہا، وہ (ممتا بنرجی) نے صرف پٹنہ میں میٹنگ کے لیے بات کی تھی۔ ہم بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف ملک کی زیادہ سے زیادہ پارٹیوں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، میں نے حال ہی میں کئی اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات کی ہے۔ اب میں دوسری غیر بی جے پی پارٹیوں سے بات کروں گا…. میرا مقصد لوک سبھا انتخابات سے پہلے اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنا ہے۔
Comments are closed.