زمینی تنازع میں چچازاد بھائی کے ہاتھوں بھائی کا قتل، بھائی اور والد بھی زخمی، ایف آئی آر میں 4 افراد نامزد، راڑھی جنوبی پنچایت کے وارڈ 4 بہاری گاوں کا واقعہ

جالے(محمد رفیع ساگر / بی این ایس) مقامی تھانہ علاقہ کے راڑھی جنوبی پنچایت کے وارڈ 4 بہاری گاؤں میں چچازاد بھائیوں کے درمیان زمینی تنازع میں ایک بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ جانکاری کے مطابق قبل سے یہ تنازعہ چل ہی رہا تھا کہ ہفتہ کے دن تقریباً 12 بجے اچانک پرویش مشرا کے 20 سالہ بیٹے اتل مشرا اور امیت کمار کے 18 سالہ بیٹے اجول کمار کے درمیان مارپیٹ ہو گئی۔ حالات کافی بگر گئے اور دونوں طرف کے لوگ آپس میں لڑنے لگے۔ اس واقعہ میں اتل مشرا نے اجول کمار پر جان لیوا حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا جبکہ اجول کے چھوٹے بھائی وشال کمار جو اسے بچانے آئے تھے، کو بھی چاقو سے زخمی کر دیا گیا ہے۔ گاؤں والوں کے مطابق اس کے والد امیت کمار مشرا بھی زخمی ہوئے ہیں اور ان کا علاج کہیں اور چل رہا ہے۔ یہاں واردات کو انجام دینے کے بعد ملزمین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ان کے دیگر رشتہ دار جمع ہوگئے اور دونوں بھائیوں کو علاج کے لیے ریفرل اسپتال لے گئے، جہاں اسپتال کے گیٹ کے قریب ہی اجول کی موت ہوگئی۔ موقع پر جالے تھانے کے انچارج ایس ایچ او ونود سنگھ، داروغہ راکیش رائے اور اے ایس آئی پریجن پاسوان ریفرل اسپتال پہنچے اور لاش کو اپنے قبضے میں لے کر مزید کارروائی شروع کی۔ گاؤں والوں نے بتایا کہ آنجہانی کپلیشور مشرا نے دو شادیاں کی تھیں۔ اس میں پہلی بیوی سے پرویش مشرا اور دوسری بیوی سے دو بچے امیت کمار مشرا اور انیل کمار مشرا ہیں۔ ان تینوں کے درمیان زمین کا پرانا تنازع گاؤں کی سطح پر حل کردیا گیا تھا۔ اسی دوران پرویش مشرا نے امت کمار مشرا کی والدہ کو ملنے والی پنشن میں حصہ کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔ جسے دینے سے منع کیے جانے پر پرویش مشرا کے خاندان کے تمام افراد متفقہ طور پر امیت کمار مشرا کے گھر میں داخل ہوئے اور ان کے بیٹے اجول کمار پر چاقو سے حملہ کردیا۔ اس واقعہ میں ان کی موت ہو گئی۔ متوفی کے والد امیت کمار نے اس معاملے کو لے کر اتل مشرا، اس کے والد پرویش مشرا، اس کی ماں کمکم مشرا اور اس کی 18 سالہ بہن انو مشرا کے خلاف جالے تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ درج ایف آئی آر میں جھگڑے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
Comments are closed.