Baseerat Online News Portal

امتحانات کے نتائج اور ہماری منصوبہ بندی

مکرمی!
سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس سی) نے جمعہ کو دسویں اور بارہویں کلاس کے بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا،
انقلاب میں شائع رپورٹ کے مطابق تریوندرم 99.91 فیصد، بنگلور99.18٪، چنئی 99.14٪، اجمیر97.24٪ اور پونے96.92 فیصد نمبرات کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شہروں میں نمایاں رہے۔
جب نتائج پڑھ چکا تو یہ محسوس ہوا کہ اتر پردیش کا کوئی خطہ اس میں نظر نہیں آتا، ظاہر سی بات ہے یہ مقام نمایاں کارکردگی پر میسر آتا ہے، یہ صوبہ بھی تعلیم کے فروغ کے لیے حساس ہے لیکن جس حساسیت سے نمایاں کارکردگی پیش کی جاسکے اس میں کمی ضرور ہے، شدت پسندوں نے سیاست کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان کو بھی بہت متاثر کیا ہے، ہر طرف نفرت کی آندھی،اس کے سبب اسکول کالجز کی بھی فضا مسموم ہو رہی ہے، تعلیمی نصاب میں چھیڑ چھاڑ، اور زعفرانی افکار کی بالادستی ہی کو کامیابی اور ترقی تصور کیا جاتا ہے،اس لیے ہمیں ان سب چیزوں سے اوپر اٹھ کر تعلیم کے فروغ میں اعلیٰ پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ساتھ ہی تعلیم کی اہمیت اور اس کے مقاصد سے عوام کو آگاہ کرنا ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ نونہالان قوم تعلیم سے جڑ سکیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔
تعلیم چاہے دینی ہو یا عصری، انسان کو سربلند کرتی ہے، انسان کے افکار و خیالات پر اثر انداز ہوتی ہے، اگر صحیح سمت میں رہ کر تعلیم حاصل کی گئی تو دونوں جہاں میں سرخروئی کا سبب ہے۔
یہ امتحانات کے نتائج ہمیں بیدار کرتے ہیں اور آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں، ناکامیوں کے بعد سیکھنے اور کامیاب ہونے کا راستہ دکھاتے ہیں، اس لیے ہمیں خود کو اور پوری قوم کو تعلیم و تربیت کے تئیں بیدار کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، علم ہم سے مطالبہ کرتا ہے محنت کا، لگن کا، شوق کا، ہمت کا، حوصلے کا، قربانی کا، تب کہیں جاکر اس کا کچھ حصہ ہمیں عطا کیا جاتا ہے، اس لیے ہمیں اپنی اور اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت کے لیے منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ وقت کی رفتار کے ساتھ آگے بڑھ سکیں اور ترقی کے دھارے میں خود کو ثابت کر سکیں۔
امتحانات میں سبھی کامیاب ہونے والے طالب علم، خصوصاً نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں کو اور ان کے والدین کو بہت بہت مبارک باد۔
مرسلہ :
محمد عارف رضا نعمانی مصباحی
ایڈیٹر : پیام برکات،علی گڑھ
رابطہ : 7860561136

Comments are closed.