Baseerat Online News Portal

بہن تو ’بھگوا لو ٹریپ ‘میں نہ پھنسنا، تیری عزت دنیا بھر کے مسلمانوں کی جان سے زیادہ قیمتی

 

اندور میں مسلم لڑکیوں کے لیے کھلا خط، بجرنگ دل اور آر ایس ایس پر دس لاکھ مسلم لڑکیوں کا مذہب تبدیل کرانے کا الزام ، ۱۰؍ نوجوان کے خلاف ایف آئی آر درج

اندور۔۲۵؍ مئی: ’بہن تو اپنا شکار نہ بنانا، تو بھگوا لو ٹریپ نہ پھنسا، تیری عزت ساری دنیا کے مسلمانو ں کی جان سے زیادہ قیمتی ہے‘۔ اندر میں کچھ اس طرح کی باتیں لکھے ہوئے پرچے تقسیم کیے گئے ہیں، اس میں بجرنگ دل اور آر ایس ایس پر مسلم لڑکیوں کے مذہب کو بدلوانے کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔ مسلم لڑکیوں کو لکھے گئے اس کھلے خط میں درج ہے کہ ’’السلام علیکم میری بہن۔ تیرے ایمان کی قیمت سات زمین اور سات آسمانوں سے زیادہ ہے، تیری عزت ساری دنیا کے مسلمانوں کی جان سے زیادہ قیمتی ہے، تو اپنے والد کا فخر ہے، تو اپنے بھائی کا غرور ہے، تو اپنے خاندان کی عزت ہے، تو کوئی معمولی نہیں ہے بہن، بلکہ تو اسلام کی شہزادی ہے، کافر (آر ایس ایس، بجرنگ دل) ہر سال دس لاکھ مسلم لڑکیوں کو مرتد بناکر ان کی عزت تار تار کرناچاہتے ہیں۔ امراوتی شہرکی ۸۰۰ سے زائد مسلم لڑکیاں مرتد ہوچکی ہیں، سوشل میڈیا (فیس بک، انسٹا گرام، ودیگر) کے ذریعہ اسکول، کالج، میں آپ کو دوستی کے بہانے پھنسایا جاتا ہے، بہن تو اپنا شکار نہ بنانا، تو بھگوالوٹریپ میں نہ پھنسنا، تھوڑے دنوں کی جھوٹی خوشی، تحفے اور پیسوں کے لالچ میں آکر اپنا دنیا وآخرت نہ خراب کر، اگر تجھ سے کوئی غلطی ہوگئی ہو تو واپس آجا، تیرے بھائی تیری مدد کےلیے تیار ہیں، اللہ تیرے ایمان، عزت اور آبرو کی حفاظت کرے آمین‘‘۔ من جانب آپ کا ایمان والا بھائی۔۔۔دریں اثناء مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بجرنگ دل کے خلاف قابل اعتراض پمفلٹ تقسیم کرنے پر ۱۰ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ ایک پولیس عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔ راؤ جی بازار پولیس اسٹیشن کے انچارج پریتم سنگھ ٹھاکر نے بتایا کہ ایک ۴۵ سالہ خاتون کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تعزیراتِ ہند کی دفعہ ۱۵۳ اے کے تحت دس نامعلوم افراد کے خلاف کیس رجسٹر کیا گیا ہے۔ شکایت گزار نے کہا کہ پمفلٹس میں جو ۲۰ مئی کی رات تقسیم کیے گئے تھے، مبینہ طور پر آر ایس ایس اور بجرنگ دل کے خلاف قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا گیا۔ پمفلٹس تقسیم کرنے والے افراد کی شناخت کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمین کی شناخت کا پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایک اور پولیس عہدیدار نے بتایا کہ تبدیلی ئ مذہب کے پس منظر میں شائع کردہ پمفلٹس میں نوجوان خواتین کو مخاطب کیا گیا ہے۔ پمفلٹس کو ”کھلا مکتوب“ کا عنوان دیا گیا ہے اور اختتام پر ”آپ کا وفادار بھائی“ تحریر کیا گیا ہے۔ دو دن پہلے اندور پولیس نے ایک خاتون کی عصمت ریزی کے الزام میں ایک۲۳ سالہ نوجوان کو گرفتار کیا تھا، جس کے ساتھ اس کے تعلقات تھے اور وہ مذہب تبدیل کرنے کے لیے اس خاتون پر دباؤ ڈال رہا تھا۔ خاتون نے فلم ”دی کیرالا اسٹوری“ دیکھنے کے بعد اس شخص کے ساتھ بحث و تکرار کے بعد شکایت درج کرائی۔

Comments are closed.