نگر پالیکا کی بیت الخلاء میں کردیا گیا ہر ا رنگ

بورڈ ممبرحیدر علی کا سخت اعتراض،وزیر اعلیٰ کو بھیجا میمورنڈم
دیوبند، 27؍ مئی (سمیر چودھری؍بی این ایس)
میونسپل بورڈ کے انتخابات میں بلامقابلہ منتخب ہونے والے میونسپل رکن حیدر علی نے صوبائی وزیر اعلی اور اعلی افسران کو ایک شکایتی مکتوب بھیج کر میونسپل بورڈ کے پیشاب خانوں اور بیت الخلاؤں کی دیواروں پر ہری رنگ کا پینٹ کرنے پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے میونسپل بورڈ کے افسران کے اس کام کی آپسی بھائی چارہ کو ختم کرنے کی حرکت اور ایک خاص طبقہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا قد م بتایا ہے ۔ تفصیل کے مطابق سنیچر کے روز میونسپل رکن حیدر علی نے صوبائی وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، چیف سکریٹری ، ڈی جی پی ، کمشنر ، ڈی ایم اور ایس ڈی ایم کو تحریر بھیج کر واقف کرایا ہے کہ میو نسپل بورڈ کے دفتر کے احاطہ میں گیٹ کے قریب تعمیر شدہ پیشاب گھروں اور بیت الخلاؤں کی دیواروں پر ہرے رنگ کا پینٹ جان بوجھ کر کرایا جانا نہایت گھٹیا قسم کی سوچ اور تنگ نظری کا عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل بورڈ کے اس اقدام سے جہاں ایک مخصوص طبقہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کیاگیا ہے وہیں میونسپل بورڈ کے میٹنگ ھال میں 1940 سے لگے ہوئے میونسپل بورڈ کے چئر مینوںکے فوٹواور ان کی مدت کار کی تفصیلات کو بھی ہٹادیا گیا ہے جو روایات کے بالکل خلاف ہے ۔ میو نسپل رکن حیدر علی نے صوبائی وزیر اعلی سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل بورڈ کے احاطہ میں واقع پیشاب گھروں اور بیت الخلاؤں کی دیواروں کے رنگ کو تبدیل کرایا جائے اور آپسی بھائی چارہ کو خراب کرنے والے اقدامات انجام دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے نیز میٹنگ ھال میں تمام چئرمینو ں کے فوٹو حسب سابق دوبارہ لگوائے جائیں اور ان کی مدت کار کی تفصیلات کے بورڈ کو دوبارہ نصب کرائے جائے ۔ وہیں دوسری جانب میونسپل بورڈ کے ای او ڈاکٹر دھریندر کمار رائے نے مذکورہ بالا شکایات سے متعلق اپنا رد عمل دئے جانے سے متعلق خاموشی اختیار کرلی ہے ۔

Comments are closed.