عشق میں پاگل 5 بچوں کی ماں کا انتہائی وحشیانہ اقدام، عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو موت کے گھاٹ اتارا، دونوں گرفتار

ملزمہ بیوی سنگیتا جیویکا سے جڑی تھی ،جبکہ مبینہ عاشق ریلوے میں پوائنٹ مین ہے
جالے( محمدرفیع ساگر ؍بی این ایس)
سمری تھانہ علاقہ کے کمہرولی گاؤں میں ایک بیوی نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے شوہر رام کمار ساہ عرف منا ساہ (45) کا بے دردی سے قتل کر دیا۔اس واردات کے سامنے آتے ہی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔حالانکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے قتل کو انجام دینے والی بیوی سنگیتا دیوی اور اس کے مبینہ عاشق کندن لال داس کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس دونوں سے سختی سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔گرفتار سنگیتا دیوی جیویکا دیدی ہے جبکہ اس کا مبینہ عاشق 35 سالہ کندن لال داس ریلوے ملازم بتایا گیا ہے جو کہ ایک پوائنٹ مین کے طور پر دربھنگہ میں کام کر کررہا تھا۔سنگیتا دیوی 5 بچوں کی ماں بھی ہے پھر بھی اس کا اپنے پڑوسی کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔ایسا بتایا گیا ہے کہ دونوں نے مل کر رام کمار ساہ کا پہلے ہاتھ پاؤں باندھ دیا پھر اینٹ اور پتھر سے بری طرح پٹائی کرنے کے بعد بہیمانہ طور پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔واردات کو پالٹی فارم پر انجام دیا گیا جہاں سنگیتا اپنے عاشق کے ساتھ ایک ماہ سے رہ رہی تھی ۔اس کے ساتھ اس کی 4 بیٹیاں اور ایک بیٹے بھی رہ رہے تھے۔
ایسا بتایا گیا ہے کہ واقعہ کی رات ملزمہ خاتون نے اپنے شوہر کو عاشق کے فارم ہاؤس پر یہ کہتے ہوئے بلایا کہ ان کے اکلوتے بیٹے مادھو کمار (5) کی سالگرہ کی تقریب ہے۔
وہاں وہ انوج کامتی کے ساتھ بائک سے پہنچا لیکن منصوبہ بند طریقے سے فارم ہاوس پر موجود کندن لال داس نے منا ساہ پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کر دیا۔حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے انوج کامتی کمرولی گاؤں پہنچا اور رام کمار ساہ کی والدہ منجو دیوی کو پوری کہانی بتائی ۔جب منجو دیوی فارم ہاوس پر پہنچی تو اپنے بیٹے رام کمار عرف منا ساہ کو پالٹی فارم کے پلر میں رسی سے ہاتھ باندھا ہوا پایا جسے اینٹ اور پتھر سے بے دردی سے مارا گیا تھا۔اس وقت منا ساہ کی سانسیں چل رہی تھیں لیکن اس کی اہلیہ سنگیتا لگاتار اس پر اینٹ سے حملہ آور تھی۔حالانکہ منا ساہ لگاتار اپنی بیوی سے رحم کی بھیک مانگتا رہا لیکن اس پر جان لیوا حملہ ہوتا رہا۔
موقع پر پہنچے اسسٹنٹ انسپکٹر اشوک سنگھ نے منا ساہ کو علاج کے لیے ہیلتھ سنٹر سنگھواڑہ بھیجا اور واردات میں ملوث عاشق اور معشوقہ کو گرفتار کر لیا۔تشویشناک حالت میں ہیلتھ سنٹر سے ڈی ایم سی ایچ بھیجا گیا لیکن منا ساہ نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
5 بچوں کے والد رام کمار ساہ گاؤں میں ہی کرانے کی دکان چلاتے تھے، بیوی کا اپنے شوہر رام کمار ساہ سے جھگڑا رہتا تھا، یہاں گرفتار ملزم کندن لال داس دربھنگہ محکمہ ریلوے میں پوائنٹ مین کے طور پر کام کرتا تھا، وہ بھی شادی شدہ ہے۔کندن لال کا بھی اپنی اہلیہ سے رشتہ خراب چل رہا ہے۔اس کی شادی 2016 میں مدھوبنی ضلع کے پنڈول تھانہ کے کمل پور باشندہ ادئے کمار داس کی لڑکی پوجا کماری سے ہوئی تھی ۔لیکن شوہر کی بربریت سے تنگ آکر پوجا کماری اپنے میکے میں ہی رہ رہی ہے ۔اس نے جہیز کے لئے ہراساں کرنے کے الزام میں سمری تھانے میں ایک معاملہ 42/17 درج کرایا تھا۔جس میں ملزم کندن لال داس عدالت سے ضمانت پر رہا ہے۔یہاں بتایا گیا کہ ریلوے ملازم گاؤں کی سنگیتا دیوی سے اس وقت رابطہ میں آیا جب اس کا اپنی بیوی کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے۔ دونوں نے کمرولی گاؤں میں اپنا گھر چھوڑ دیا اور ویران بھرواڑہ ٹول فارم میں رہنے لگے۔کندن لال داس نے سنگیتا دیوی کو اپنے کھیت سے ملحقہ ایک کٹھہ زمین بھی خرید کر دیا تھا جس پر گھر بنا کر سنگیتا اپنی چار بیٹیوں اور ایک بیٹے کے ساتھ رہتی تھی۔

Comments are closed.