حضرت امام حسین علیہ السلام کی زندگی نوجوانوں کے لیے نمونہ ہے:افتخار احمد نظامی

پھلواری شریف27جولائی(پریس ریلیز)
رعنا فاؤنڈیشن،الباکالونی،پھلواری شریف،پٹنہ کے چیرمین مولانا افتخار احمد نظامی نے یوم عاشورہ کی مناسبت سے اپنے پریس بیان میں کہاکہ ماہ محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے۔حرمت و عظمت والے ماہمحرم الحرام کی دس تاریخ کویوم عاشوراء کے نام سے موسوم کیاجاتا ہے۔ اس دن تاریخی اعتبار سے کئی اہم واقعات رونما ہوئے،نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب ہجرت کرکے مدینہ تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا کہ یہود دسویں محرم الحرام کو روزہ رکھتے ہیں۔آپ نے ان سے وجہ دریافت کی تو انھوں نے بتایا کہ اس دن حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کی قوم بنی اسرائیل کو فرعون سے نجات ملی تھی، جب کہ فرعون غرقاب ہوگیا تھا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ موسیٰ کے بارے میں تو ہم زیادہ حق دار ہیں،چناں چہ آپ نے خود بھی دسویں محرم کو روزہ رکھا اور صحابہ کرام کو بھی حکم دیا۔عاشوراء کے دن حضرت آدم علیہ السلام کی دعا قبو ل ہوئی، اسی دن حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی جودی پہاڑ پر ٹھہری، حضرت یونس علیہ السلام کو مچھلی کے پیٹ سے نجات ملی۔حضرت ابراہیم علیہ السلام کے لیے آگ گلزار ہوگئی۔حضرت ایوب علیہ السلام کو صحت ملی۔حضرت یعقوب علیہ السلام کی حضرت یوسف علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔اسی دن حضرت عیسی علیہ السلام کو آسمان پر اٹھایا گیا۔یہ دن اس عظیم قربانی کی بھی یاد دلاتا ہے جو نواسہئ رسول حضرت حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقاء کرام نے دین اسلام کی حفاظت کے لیے پیش کی۔میدان کربلا میں حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے اوراس سے ہمیں حق کی سربلندی کے لیے ڈٹ جانے کا پیغام بھی ملتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ میدان کربلا کا اواقعہ ہمارے لیے ثابت قدمی اور استقامت کی مثال ہے۔نیزحضرت حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت ہمیں خود کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھال لینے کے لیے سر گرم عمل ہونے کا پختہ عزم کرنے کی طرف متوجہ کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کے موجودہحالات میں ہمیں متحد ہونے اور ایثار وقربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں ہم سب کی بھلائی کا رازپوشیدہ ہے۔

Comments are closed.