دربھنگہ ضلع میں ایک بار پھر سماجی ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش، عوامی نمائندوں اور انتظامی افسران کی فوری کارروائی سے شرپسندوں کی سازش ہوئی ناکام

جالے(محمدرفیع ساگر؍بی این ایس)سمری تھانہ علاقہ کے بنولی گاؤں کے ہیلی پیڈ کے پاس بدھ کی رات تقریباً 11:30 بجے محرم کے جھنڈے کو لے کر 2 فرقوں میں تنازع ہوگیا۔بتایا جاتا ہے کہ برہم استھان کے قریب ہی ہیلی پیڈ واقع ہے اور ایک برادری کے کچھ شرپسندوں نے برہم استھان کی سڑک کے کنارے محرم کا جھنڈا لگایا گیا تھا جس پر ایک خاص فرقہ کے لوگوں نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔ پنچایت کے سرپنچ رمیش سہنی، جتیندر پاسوان، شمبھو پاسوان، وریندر پاسوان، پنچایت کے سابق سربراہ تریوینی سہنی موقع پر پہنچے اور دونوں فریقوں کو سمجھایا جس کے بعد واقعہ کی اطلاع انتظامیہ کو دی گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر ایس ڈی پی او امیت کمار، سرکل انسپکٹر یوگیندر روی داس، سمری تھانہ صدر شمشاد احمد خان سینکڑوں پولیس اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچے اور مورچہ سنبھالا۔
ایس ڈی پی او امیت کمار نے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ دو فرقوں کے درمیان جھگڑے کی صورتحال بنی ہوئی ہے۔
موقع پر موجود مقامی لوگوں سے معلوم ہوا ہے کہ باہر سے کچھ شرپسندوں نے موقع پر پہنچ کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔ ایک چھوٹا ویڈیو کلپ ملا ہے جس کی بنیاد پر شرپسندوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ الرٹ ہے، ہمارے پاس کافی تعداد میں فورس ہے، ہم ایسے واقعات نہیں ہونے دیں گے۔ اس کے ساتھ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں، اگر کوئی شرپسند ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتا ہے تو فوراً انتظامیہ کو اطلاع دیں۔

Comments are closed.