کانگریس نے ہمیشہ سبھی مذاہب کا احترام کیاہے

دیگر پارٹیوں سے آئے لوگوں کا جاوید صابری نے کیا استقبال، آئین بچانے کے لئے متحد ہونے کی اپیل
دیوبند، 30؍ جولائی (سمیر چودھری؍بی این ایس)
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سابق رکن اور سابق ضلع صدر جاوید صابری کی قیادت میں سماج وادی پارٹی ، بہوجن سماج پارٹی اور بی جے پی کے سیکڑوں کارکنان نے کانگریس کی پالیسیوں میں یقین ظاہر کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ پروگرام میں مقررین نے عوام سے آئین کی حفاظت کے لئے متحد ہونے کی اپیل بھی کی۔ سہارنپور میں واقع سلمان کالونی میں محمد سلمان کی رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ میں سماج وادی پارٹی ، بہوجن سماج پارٹی اور بی جے پی کے سیکڑوں کارکنان نے کانگریس کی رکنیت اختیار کیا ۔ اس موقع پر کانگریس کے سابق ضلع صدر جاوید صابری نے کانگریس کا پٹکہ پہناکر ان کا استقبال کیا ۔ جاوید صابری نے کہا کہ جس طریقہ سے لوگ تیزی کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آنے والا وقت کانگریس کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ سبھی مذاہب اور ذات کے لوگوں کو ساتھ لے کر ملک کو ترقی یافتہ بنانے کا کام کیا ہے ،سماج وادی پارٹی کو بی جے پی کی بی ٹیم بتاتے ہوئے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی نے دفعہ 370ہٹانے سمیت کئی معاملات میں بی جے پی کی حمایت کی ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بہوجن سماج پارٹی بھی فرقہ پرست طاقتوں سے ملی ہوئی ہے ۔ انہوں نے وہاں پر موجود کارکنان سے 2024کے پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں میں لگ جانے کی اپیل کی تاکہ مرکز میں سیکولر سیاسی جماعتوں کی حکومت قائم کی جاسکے۔ صابری نے آنے والے 3؍اگست کو جن منچ میں آئین کو بچانے کے لئے ہونے والی ریلی میں بڑی تعداد میں پہنچنے کی اپیل کی ۔ کانگریس اقلیتی سیل کے ریاستی جنرل سکریٹری سونو پٹھان، اقلیتی سیل کی ضلع صدرڈاکٹر یاسمین رائو نے منی پور کے واقعہ پر وزیر اعظم مودی کی خاموشی شرمناک بتایا ۔ پروگرام کی صدارت کانگریس پارٹی کے ضلع نائب صدر عارف خان نے کی اور نظامت کے فرائض محمد رضوان نے انجام دیئے۔ اس موقع پر حاجی شوکت علی، قربان احمد، شاہنواز، آصف، طالب، منتظر ، سمیر ، غفار، عبدالرزاق، صائم، مرسلین، عرفان، راجہ، ساجد، تنویر، شوقین، علی احمد، عالم، بندو حسن، نسیم، قیوم، جہانگیر، واصل وغیرہ سمیت سیکڑوں افراد نے کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔

Comments are closed.