تعلیمی اداروں میں جوش و خروش سے منایا گیا ٹیچرس ڈے

اسلامیہ ڈگری کالج میں منعقد پروگرام میں اساتذہ کی طلبہ کو نصیحت
دیوبند،5؍ ستمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
دیوبند کے عصری تعلیمی اداروں میں یوم اساتذہ نہایت جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔ دیوبندکے اسلامیہ ڈگری کالج میں بی بی اے اور بی سی ا ے کے طلبہ وطالبات نے ادارہ کے احاطہ میں یوم اساتذہ کی مناسبت سے ایک پروگرام منعقد کیا ، پروگرام کے دوران معاشرہ میں استاذ کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی گئی، طلبہ نے اپنی تقاریر کے دوارن استاذ کے کردارو عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک بچے کے لئے ماں کی گود کے بعد استاذ ہی سب سے اہم ہوتاہے، کیوں کہ یہاں والدین کو بچہ کا پہلا استاذ کہا گیا ہے، وہیں بچہ جب سب سے پہلے اسکول جاتا ہے تو ایک استاذ ہی اس کو علم اور دنیا کے آداب واخلاق سے واقف کراتا ہے اور تعلیم سے آراستہ کرکے اس کو ایک بہترین شہری اور معاشرہ کا ایک کارآمد فرد بناتاہے۔ یاد رہے کہ ہندوستان کے سابق صدرجمہوریہ جو پیشہ سے استاذ تھے ، آنجہانی سروپلّی رادھا کرشنن کے یوم پیدائش 5ستمبر کو ہم ہر سال یوم اساتذہ کے طور پر مناتے ہیں ۔ اس موقع پر بی بی اے سال اول کی طالبہ علیشہ اور بنٹی دیشوال نے اپنے خیالات کو ایک چارٹ پیپر کے ذریعہ سے پیش کیا ۔ ادارہ کے پرنسپل نے وکیل احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم اساتذہ کے موقع پر عہد کریں کہ ڈسپلن میں رہتے ہوئے وہ روزگار فراہمی والے اپنے کورسز کی تیاری نہایت سنجیدگی کے ساتھ کریں گے۔ وہیں دوسری جانب تسمیہ جونیئر ہائی اسکول مظفرنگر میں بھی یوم اساتذہ نہایت جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ۔ اس موقع پر طلبہ نے رنگا رنگ بہترین ثقافتی پروگرام پیش کئے اور ڈاکٹر رادھا کرشنن کویاد کرتے ہوئے پرائمری اور جونیئر طلبہ وطالبات کے درمیان مقابلے بھی ہوئے ۔ طالبات سائرہ، حمیرہ، زویا اور شفاء نے ڈاکٹر رادھا کرشنن کے حالات زندگی اور تعلیم کے اعتبار سے آنجہانی صدر جمہوریہ کے پیغام کو خوب صورت انداز میں پیش کیا۔ ثقافتی پروگرام کے تحت نبیہ ، ذکریٰ، منشاء ، اقرا اور عافیہ نے گیت اور ترانے پیش کئے اور تمام ٹیچرس کو مبارک باد پیش کی۔ پروگرام کے اختتام پر ادارہ کے پرنسپل جاوید مظہر نے تمام اساتذہ اور طلبہ کو یوم اساتذہ کی مبارک باد دیتے ہوئے تحائف سے نوازا ۔ اس کے علاوہ اسلامیہ انٹر کالج، ایچ اے وی انٹر کالج، اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول ، پبلک گرلج انٹر کالج اور نئی روشنی پبلک اسکول میں بھی یوم اساتذہ نہایت جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔

Comments are closed.