شاگردوں کی صحیح تربیت کردینا انہیں کروڑوں کا مالک بنادینے سے بہتر

مراکز نسواں منبر و محراب فاؤنڈیشن کی معلمات کا تربیتی اجلاس: مولانا غیاث رشادی کا خطاب
حیدرآباد(پریس ریلیز) ہر ذمہ دار اور نگرا ن پر اپنے متعلق ماتحتوں کی تربیت کا فریضہ دین اسلام کی تعلیمات میں داخل و شامل ہے بالخصوص استاذ کے ذمہ اپنے شاگردوں کی اور والدین پر اپنی اولاد کی، ان کی نفسیات اور ان کے مزاج کا لحاظ رکھتے ہوئے صحیح تربیت کرنا لازم اور ضروری ہے ۔ رسول اللہ ﷺکا فرمان ہے :تم میں سے ہر ایک حکمران ہے اور ہر ایک سے اس کے ماتحتوں کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔ جس ماحول میں انسان کی نشوونما ہوتی ہے اسی ماحول کے اثرات اس کے دل ودماغ پر نقش ہوتے چلے جاتے ہیں اور عام طور پر اسی پر اس کے مستقبل کی تعمیر ہوتی ہے لہٰذا مربی اور استاذ کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے شاگردوں کے لئے خوشگوار ماحول مہیا کرے ۔ان خیالات کا اظہار مولانا غیاث احمد رشادی بانی وصدر منبر ومحراب فاؤنڈیشن انڈیا نے مراکز نسواں کی تقریباً ستر معلمات سے تربیتی خطاب کے دوران کیا۔ مولانا نے کہا کہ اساتذہ اپنے شاگردوں کے سامنے کوئی نامناسب بات یا غیرمہذب حرکت بالکل نہ کریں، حرکات وسکنات میں بھی سنجیدگی ومتانت ہو، بول چال میں پیار ومحبت اور تنبیہ میں توازن اور اعتدال قائم رہنا چاہئے ، تہذیب و شائستگی کا خیال نہایت ضروری ہے ۔مولانا نے کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ غیر محسوس طریقہ پر اساتذہ کی تمام چیزیں اپنے ماتحتوں کے اندر منتقل ہوتی ہیںاور شاگرد جس طرح کوئی کام دیکھتا یا کوئی بات سنتا ہے عملاً اسی بات کو اختیار کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ شاگردوں کی اخلاقیات پر بھی خاص توجہ دیں، غلط صحبتوں میں اس کی عادتیں بگڑنی شروع ہوجاتی ہیں۔شریعت مطہرہ نے ہر موقع پر اعتدال کی تعلیم دی ہے ۔مولانا نے کہا کہ انسان کی صحیح تربیت کردینا اپنے شاگردوں کو کروڑوں کا مالک بنادینے سے بہتر ہے ۔ واضح ہو کہ مراکز نسواں منبر ومحراب فاؤنڈیشن کی تمام معلمات کا بتاریخ 3 ستمبر بروز اتوار صبح 9 بجے تا 1 بجے دن تربیتی اجلاس بمقام مرکزی دفتر منعقد ہوا۔اس اجلاس میں حضرت صدر محترم نے معلمات کو طریقۂ تعلیم اور طالبات و خواتین کی نفسیات کا خیال رکھتے ہوئے پڑھانے کا مشورہ دیااور ہر مرکز میں دو نقیبہ خواتین طے کرنے کی ہدایت دی ۔سال سوم کے دوسرے مرحلہ کے نصاب کا تعارف پیش کیا گیا۔اس موقع پر معلمات کو انعامات سے نوازا گیااور تمام مراکز کے لیے مفت کتابیں دی گئیں ۔اس موقع پر تمام کوآرڈینٹرس کے علاوہ مولانا حبیب الرحمن حسامی منیجر منبر و محراب فاؤنڈیشن اور مولانا رضوان اسعد ترجمان منبر ومحراب تلنگانہ زون موجود تھے ۔

Comments are closed.