ذات پر مبنی مردم شماری کی مخالفت بی جے پی کو کافی مہنگا پڑے گا،جے ڈی یو کی ریاست گیر مشعل جلوس کے بعد سابق ممبراسمبلی رام نواس پرساد کا ردعمل

بی جے پی کا 10 سالہ اقتدار بدترین دور کی مثال بنے گی: ولی امام بیگ
جالے( محمد رفیع ساگر /بی این ایس) ذات پر مبنی مردم شماری کے خلاف بی جے پی کی گمراہ کن پالیسی کے خلاف جے ڈی یو کی ریاست گیر مہم کے تحت ہفتہ کو جالے بلاک ہیڈکوارٹر سے مشعل جلوس نکالاگیا جو تھانہ روڈ ہوتے ہوئے شنکر چوک تک آیا۔ اس کی قیادت پارٹی کے بلاک صدر اطہر امام بیگ نے کی ۔اس مشعل جلوس میں تمام کارکنان، پنچایت صدور، وارڈ صدور اور عام لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق ایم ایل اے رام نواس پرساد نے کہا کہ ہمارے ہردلعزیز وزیر اعلی نتیش کمار سماج کے ہرذات برادری بالخصوص پسماندہ برادریوں کے فلاح و بہبود کے لئے کافی سنجیدہ ہیں۔آبادی کے تناسب سے ہر شعبے میں حصے داری کے لئے ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرائی جارہی ہے جس کے مستقبل میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ بہتر کام کرنے پر غریب اور پسماندہ برادری کی مخالفت میں مرکزی حکومت لگاتار کوششیں کررہی ہے۔جس کی پالیسی کو بے نقاب کرنے کے لئے ریاست بھر میں مہم چلائی جارہی ہے۔ جبکہ سینئر لیڈر ولی امام بیگ نے کہا کہ ذات کی بنیاد پرتاریخی مردم شماری کرائی جارہی ہے جو بی جے پی کو ہضم نہیں ہورہا ہے۔ اس کے خلاف معزز ہائی کورٹ اور معزز سپریم کورٹ میں حلف نامہ دے کر بی جے پی نے اپنی جاگیردارانہ اور غریب دشمن ذہنیت کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی 10 سالہ حکومت بدترین دور کی مثال بنے گی۔ اس حکومت میں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ آئندہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کو بہار ریاست میں 40 میں سے 40 سیٹیں جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ عوام اس سارے کھیل کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ اس پروگرام میں اسمبلی انچارج کنچن پٹیل، راجارام پٹیل، محمد حسنین، جوہر امام بیگ، منوج داس، تری پراری ٹھاکر، رمبھا دیوی، اوما مہتا، محمد آفاق، رادھے شیام ساہ، منٹو ٹھاکر، محمد رضوان، محمد علاء الدین، محمد ریان ،سبھاش ٹھاکر اور محمد اخلاق سمیت کئی کارکنان نے شرکت کی۔

Comments are closed.