غیر مسلم بھائیوں کے سامنے سیرت کا تعارف، کیوں اور کیسے؟
از : سراج احمد ندوی
……………دنیا بھر کے مسلمان ہر سال، ماہ ربیع الاول میں میلاد النبی کی یادگار کے طور پر سیرت نبوی کے موضوع پر مختلف پروگرامس، کانفرنسز ، جلسہ و جلوس، اور بچوں میں کوئز کمپٹیشنس وغیرہ کا انعقاد بڑے جوش و خروش سے کرتے ہیں، جو باعث اجر و ثواب بھی ہے، ہمارے سیرتِ نبویہ سے تعلق کا مظہر بھی ہے اور کسی حد تک امت مسلمہ کے لئے سیرت رسول سے واقفیت کا ذریعہ بھی، لیکن یہ سارے پروگرامس تقریباً صرف مسلمانوں کے مابین ہی منعقد ہوتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں نص قطعی ہے کہ آپ ” رحمت للعالمین ” ہیں، فقط رحمت للمسلمين نہیں، یعنی آپ ساری کائنات بالخصوص ساری انسانیت کے لئے رحمت ہیں، لیکن افسوس کہ موجودہ دور میں اسی فیصد انسانی آبادی رسول رحمت ﷺ کی انسانیت پر رحمت و شفقت، آپ کی ذات و صفات ، آپ کے پیغام و پیام اور انسانی دنیا پر آپ کے احسانات، اور انسانیت کی تعمیر و ترقی میں آپ کے یوگدان سے یکسر ناواقف بلکہ غلط پروپیگنڈہ کا شکار ہے، جس کا نتیجہ ہم سال بھر شان رسالت میں گستاخی کے واقعات کی صورت میں دیکھتے رہتے ہیں،
کیا اس صورت حال کا تقاضا یہ نہیں ہے کہ ہم مسلمان آگے بڑھ کر نبی کی شان و صفات، اور آپ کے پیغام و پیام کو مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم اقوام تک بھی پہنچائیں؟
کیا جس رسول رحمت کو غلط پروپیگنڈہ کے ذریعہ رسول زحمت ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ان کا درست تعارف ہم نہیں کرا سکتے؟
کیا ہم مسلمان دنیائے انسانیت کو ان کا حقیقی رول ماڈل نہیں دے سکتے؟
ضرور کر سکتے ہیں، اور کوئی بہت بڑا مشکل کام بھی نہیں ہے کہ ہم نہ کرسکیں.
*اگر ہم واقعی محبت رسول کا دعویٰ کرتے ہیں اور شان رسالت میں گستاخی کے واقعات ہمیں واقعی تڑپاتے ہیں، تو آئیے!*
ہر ایک فرد بشر تک سیرت طیبہ کا صحیح تعارف پیش کریں، آپ کے اخلاق و کردار کو سامنے لائیں، اور ان کے ذہنوں سے غلط فہمیوں کو دور کریں. ذیل میں آسانی کے لئے ایک عملی فارمولا پیش کیا جارہا ہے اپنے اپنے علاقوں میں اس پر عمل کی کوشش کریں!
*ایک آسان فارمولا!*
*1.* ہر شہر ہر بستی و گاؤں کی سطح پر اسکولوں کالجوں میں، مدارس و مساجد میں یا بستی کے کسی کھلی جگہ جہاں بھی ممکن ہو تعارف سیرت النبی کے موضوع پر پروگرام کئے جائیں اور باقاعدہ دعوت چلا کر بستی کے ہر فرد کو مسلم ہو یا غیر مسلم بالخصوص پڑھے لکھے سنجیدہ افراد کو مدعو کیا جائے، اور ایسے مقررین سے ہی گفتگو کرائی جائے جو عوام کی مقامی زبان اور ان کی نفسیات سے واقف ہوں، اور بات بھی آسمان سے اوپر اور زمین سے نیچے کی کرنے کے بجائے پریکٹیکل کریں جس میں لوگوں کو محسوس ہو کہ سیرت رسول میں ہی ہمارے مسائل کا حل اور درد کا درماں ہے،
*2.* جہاں جہاں بھی ربیع الاول کے جلوس نکلتے ہیں جیسے ممبئی، کانپور، گلبرگہ، وغیرہ وہاں کے لوگ اپنے ساتھ سیرت النبی کے موضوع پر مختلف پمفلٹ، اور کتابچے وغیرہ رکھیں تاکہ راستے میں برادران وطن کے ہاتھوں میں دے سکیں خصوصاً سیکورٹی اہلکاروں کو،
*3.* ہر مسلمان اپنے طور پر یہ طے کرلے کہ مجھے اپنے تمام ملنے جلنے والے یا قرب و جوار میں رہنے والے غیر مسلم بھائیوں کو سیرت طیبہ سے روشناس کرانا ہے، اس کے بہت سے طریقے ہو سکتے ہیں، مثلاً ان تک انہیں کی زبان میں سیرت کی کتابیں پہچانا، سیرت کے پروگرام میں ساتھ لے جانا، آپ ﷺ کے بارے میں خود ان سے سوال کرنا کہ بھائی آپ محمد رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟
انہیں گھر بلاکر کھانا کھلانا، غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق و کردار کے بارے میں بتانا،
موبائل میسج، اسٹیٹس، آڈیو ،ویڈیو یا ای میل وغیرہ کے ذریعہ سیرت طیبہ کا صحیح تعارف کرانا، وغیرہ.
*? چند اہم اور مفید کتابیں!*
ذیل میں چند کتابیں بطور نمونہ پیش کی جا رہی ہیں ان کے علاوہ جو بھی کتاب یا پمفلٹ دستیاب ہو اسے لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کریں!
*1. ?اسلام کے پیغمبر، از قلم : پروفیسر کے ایس راما کرشنا راؤ، ناشر : مدھر سندیش سنگم،*
یہ کتاب مختصر اور جامع ہے، غیر مسلموں کے لئے بہت مفید ہے، ایک غیر مسلم پروفیسر کی لکھی ہوئی ہے، یہ کتاب انگریزی ، ہندی اور دیگر زبانوں میں موجود ہے !
*2. ?پیغمبر اسلام غیر مسلم ودوانو کی نظر میں : مدھر سندیش سنگم*
اس کتاب میں غیر مسلم شخصیات کے تاثرات ہیں جو انھوں نے نبی کریم ﷺ کے بارے میں پیش کیے ہیں، بڑی مفید کتاب ہے !
*3. ?اسلام آتنک یا آدرش؟، از قلم : سوامی لکشمی شنکر آچاریہ، مدھر سندیش سنگم دہلی،*
اس کتاب میں مختصر سیرت رسول اللہ ﷺ بھی ہے اور اسلام کو ایک پر امن مذہب کے طور پر پیش کیا گیا ہے، بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ بھی کیا گیا ہے، خصوصاً قرآن مجید کی ان 24 آیتوں کے بارے میں بہت ہی خوبصورت انداز میں غلط فہمی کا ازالہ کیا گیا ہے جن آیات کو لوگ دہشتگردی سے جوڑتے ہیں، یہ کتاب ہندی ، مراٹھی اور مختلف زبانوں میں موجود ہے !
*4. ?خطبات مدراس از قلم : سید سلیمان ندویؒ*
بہت ہی جامع اور تاریخی کتاب ہے، غیر مسلم پڑھے لکھے لوگوں کے لئے بہت مفید ہے، ہندوؤں کے لئے بھی اور عیسائیوں کے لئے بھی، یہ کتاب اردو ، انگریزی اور ہندی میں دستیاب ہے، لکھنؤ پیام انسانیت کے دفتر سے حاصل کی جاسکتی ہے !
*5. ?جگ نایک از قلم :* حضرت مولانا رابع حسنی ندوی صاحب رحمہ اللہ
یہ کتاب رہبر انسانیت نامی کتاب کا ترجمہ ہے، غیر مسلموں کو ذہن میں رکھ کر حضرت مولانا رابع صاحب رحمہ اللہ نے سیرت کی یہ کتاب لکھی ہے، اس لحاظ سے یہ سیرت کی ایک منفرد کتاب ہے، لکھنؤ سے چھپی ہے !
⭐️ان کے علاوہ بھی جو کتابیں آپ کو بہتر لگیں اس کا انتخاب کر لیں، ان شاء اللہ ہر شہر میں آپ کو آپ کی مقامی زبانوں میں سیرت کی کتابیں مل جائیں گی لیکن کتابوں کے انتخاب میں ذرا مسلک و مشرب سے اوپر اٹھ کر تلاش کریں گے تو بہت آسانی سے کتابیں مل جائیں گی جو غیر مسلموں کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہیں، چند مراکز کے نام درج ذیل ہے !
1) لکھنؤ میں پیام انسانیت کے آفس سے !
2) دیوبند کے مکتبوں سے !
3) مکتبہ شاہ ولی اللہ بٹلہ ہاؤس اوکھلا دہلی !
4) دہلی مدھر سندیش سنگم نے بے شمار دعوتی کتابیں چھاپی ہیں وہاں سے بھی لے سکتے ہیں !
*مدھر سندیش سنگم دہلی کا موبائل نمبر : مولانا احمد فصیل ندوی 9212117559.*
Comments are closed.