وادیِ چمپا کی علمی بہار: فقہِ اسلامی اور علمائے بہار کی خدمات کے دو روزہ سمینار کی روداد

 

محمد شاہد ناصری حنفی

مدیر ماہنامہ مکہ میگزین ممبئی

۹ نومبر ۲۰۲۶ء

 

وادیِ چمپا، یعنی چمپارن! نام ہی میں چمپا کے پھول کی لطافت، اس کی مہک اور دل آویزی کا ایک جہان آباد ہے۔ چمپا کا پھول اپنی نازک پنکھڑیوں اور روح پرور خوشبو کے باعث فضا میں ایک ایسا کیف گھول دیتا ہے جس کی تاثیر دیر تک باقی رہتی ہے۔ اس وادی میں بھی ان دو دنوں کچھ ایسی ہی کیفیت طاری تھی۔ علم و ادب کی خوشبو، اہلِ علم کی محبتوں کی مہک، مجلسوں کی شگفتگی اور فکر و دانش کی دل آویزی نے فضا کو ایسا گل بداماں کر رکھا تھا کہ ہر سمت ایک خوش گوار سرشاری محسوس ہوتی تھی۔ کہیں علمی نکات کی خوشبو تھی، کہیں محبت آمیز ملاقاتوں کی مہک، کہیں اہلِ قلم کی صحبتوں کا فیض اور کہیں نوجوان علماء کی شگفتہ مزاجی کا دل آویز رنگ۔ یوں محسوس ہوتا تھا جیسے چمپا کے پھولوں نے اپنی خوشبو صرف فضاؤں ہی میں نہیں بکھیری، اہلِ علم کے دل و دماغ میں بھی اتار دی ہو۔ یہ دو روزہ قیام محض ایک سفر کی یاد بن کر نہیں رہ گیا، بلکہ ایک ایسی خوشبو بن گیا جو مشامِ جاں میں رچ بس گئی؛ جس کی سرشاری دیر تک ساتھ رہی اور جس کی لطافت آج بھی یادوں کو معطر کیے ہوئے ہے۔

 

عجیب اتفاق ہے کہ سمینار کو اختتام پذیر ہوئے پانچ روز گزر چکے ہیں، لیکن وادیِ چمپا کی وہ دو روزہ علمی بہار ابھی تک ختم ہونے میں نہیں آتی! فیس بک ہو یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم، اخبارات و رسائل ہوں یا زبانِ خلق، ہر طرف اسی فقہی مذاکرے، علمائے بہار کی خدمات اور اس یادگار اجتماع کا چرچا ہے۔ اہلِ علم اپنے اپنے زاویۂ نظر سے روداد لکھ رہے ہیں، شرکائے سمینار تاثرات قلم بند کر رہے ہیں اور اس علمی اجتماع کی مختلف جہات اجاگر کر رہے ہیں۔ میں بھی اس سے پہلے ان دو دنوں کی ایک اجمالی نیوز قلم بند کر چکا تھا، جو منظرِ عام پر آچکی ہے؛ مگر اس اجتماع کی بازگشت نے طبیعت کو پھر ایسا نشاط عطا کیا کہ قلم بے اختیار اس طرف اٹھ گیا کہ اپنی دانست کے مطابق اس علمی محفل کے کچھ مزید نقوش احباب کی نذر کروں، تاکہ اس عہد کے علمی ذوق، اہلِ علم کی رفاقت اور اس دو روزہ فقہی مذاکرے کی یادوں کا سلسلہ کچھ مزید دراز ہو جائے۔

 

اس حاضری کا پس منظر بھی کچھ کم دل چسپ نہیں۔ میرے نہایت مخلص بزرگ، امیرِ شریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی مدظلہ کے اصرار اور محبت نے مجھے اس علمی سفر پر آمادہ کیا۔ پھر برادرِ عزیز مفتی محمد نافع عارفی سلمہ اور مفتی جمال الدین قاسمی صاحب نے بھی یہ پیغام پہنچایا کہ حضرت امیرِ شریعت کی خواہش ہے کہ میری طرف سے بھی ایک مقالہ پیش ہو۔ اس کے بعد انکار کی گنجائش کہاں باقی رہتی تھی! چنانچہ ’’علمائے بہار کی فقہی خدمات‘‘ کے عنوان سے تقریباً تیس صفحات پر مشتمل مقالہ زیرِ قلم آگیا۔

 

مقالے کی ضخامت اور موضوع کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر عزیزم مفتی رضا اللہ قاسمی سلمہ نے میری قلتِ فرصت کے باعث اس کا خلاصہ تخریج کے ساتھ تیار کر دیا تھا؛ لیکن مقالے کا دامن اس قدر وسیع تھا کہ اس تلخیص کی بھی تلخیص اپنی زبانی گفتگو میں کرنا پڑی۔ تیس صفحات کے علمی مواد کو چند منٹوں میں سمیٹنا آسان نہ تھا، بالخصوص اس احساس کے ساتھ کہ بہار کی فقہی تاریخ چند صفحات میں محصور نہیں کی جاسکتی۔

 

سمینار کا عنوان تھا: ’’فقہِ اسلامی اور علمائے بہار کی خدمات‘‘۔ یہ موضوع اپنے اندر ایک وسیع علمی کائنات سموئے ہوئے ہے۔ بہار نے فقہ و افتاء، حدیث و تفسیر، قضاء و تصنیف کے میدانوں میں ایسے رجالِ علم پیدا کیے ہیں جن کے علمی آثار آج بھی اہلِ نظر کے لیے سرمایۂ افتخار ہیں؛ تاہم ان کے کارناموں کی جامع بازیافت، منتشر علمی آثار کی یکجائی اور خدمات کی مستند دستاویز بندی کا کام ابھی بہت کچھ چاہتا ہے۔ حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی مدظلہ نے اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس علمی مہم کا آغاز کیا ہے۔

 

چار اور پانچ نومبر ۲۰۲۶ء کو منعقد ہونے والے اس سمینار میں قریب ستر مقالات پیش کیے گئے۔ مختلف علمی و فکری دبستانوں کی فقہی خدمات زیرِ بحث آئیں، متعدد گمنام اور فراموش شدہ اہلِ علم کے تذکرے تازہ ہوئے، مخطوطات کے ذخائر کی نشان دہی ہوئی اور مطبوعہ علمی سرمایے کی فہرست سازی و اشاریہ بندی کی ضرورت اجاگر ہوئی۔ اس وسعتِ نظر کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ اہلِ تشیع کی فقہی خدمات کو موضوعِ تحقیق بنایا گیا۔ یہ علمی دیانت کا تقاضا ہے کہ کسی علمی روایت کا جائزہ اس کے علمی کام کی بنیاد پر لیا جائے، نہ کہ محض مسلکی وابستگی کے پیمانے سے۔

 

اس طرح یہ اجتماع معروف علمی شخصیات کے تذکروں سے آگے بڑھ کر تاریخ کے ان گوشوں تک بھی پہنچا جن پر مرورِ ایام نے غفلت کی گرد ڈال دی تھی۔ کسی فراموش شدہ فقیہ کے علمی آثار کا سراغ، کسی مخطوطے کی نشان دہی اور کسی مطبوعہ کتاب کی فہرست سازی بظاہر الگ الگ کام ہیں، لیکن یہ سب بہار کی علمی تاریخ کو مستند صورت میں محفوظ کرنے کے ایک ہی مقصد سے وابستہ ہیں۔

 

اس اجتماع کو ایک خاص وقار و اعتبار فقیہِ عصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کی شرکت اور صدارت سے حاصل ہوا۔ افتتاحی اور اختتامی نشست میں ان کا کلیدی خطاب علم کی گہرائی، فقہی بصیرت اور عصری شعور کا آئینہ دار تھا۔ مسئلے کی تہہ تک پہنچنا، اس کے اصولی مبادی واضح کرنا اور بدلتے ہوئے حالات میں اس کی معنویت نمایاں کرنا ان کے طرزِ استدلال کی خصوصیت ہے۔ ان کے یہاں فقہ محض ماضی کے محفوظ اوراق کا نام نہیں، بلکہ زندگی کے نشیب و فراز سے مربوط ایک زندہ علمی روایت ہے۔ وہ سمینار کی مختلف نشستوں میں بھی شریک رہے اور مقالہ نگاروں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ آئندہ علمی موضوعات پر ان کی تجاویز بھی اس اجتماع کے لیے مفید اضافہ تھیں۔

 

اس پورے اہتمام کے پس منظر میں حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی مدظلہ کا علمی تجربہ اور اپنے خطے کے علمی ورثے سے گہری وابستگی کارفرما تھی۔ فقہ و افتاء، امارت و قضاء اور تصنیف و تالیف کے میدانوں میں انہیں طویل تجربہ حاصل ہے۔ فقیہ النفس، قاضی القضاۃ حضرت مولانا مجاہد الاسلام قاسمی رحمہ اللہ کے تربیت یافتہ اور امیرِ شریعت سادس حضرت مولانا نظام الدین صاحب رحمہ اللہ کے صحبت یافتہ ہونے کی نسبتیں ان کی علمی و عملی شخصیت کے خمیر میں شامل ہیں۔ امارتِ شرعیہ سے طویل وابستگی نے انہیں نظم و انتظام اور اجتماعی امور کا بھی گہرا تجربہ عطا کیا ہے۔ ان کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اپنے علمی تجربے کو محض ذاتی مشغولیت تک محدود نہیں رکھتے، بلکہ اسے اجتماعی علمی کاموں میں صرف کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔

 

اس سے قبل ’’علمِ حدیث اور علمائے بہار کی خدمات‘‘ کے عنوان سے سمینار کا انعقاد اور اس کے مقالات کی ۶۶۶ صفحات پر مشتمل کتاب کی اشاعت اسی سلسلے کی ایک اہم مثال ہے۔ اب فقہِ اسلامی کے موضوع پر یہ دوسرا بڑا علمی اجتماع اس مہم کو آگے بڑھانے کی کوشش ہے۔ ایسے منصوبوں کے لیے وسیع مطالعہ، اہلِ علم سے مسلسل رابطہ، منتشر علمی مواد کی تلاش اور طویل انتظامی و تحقیقی محنت درکار ہوتی ہے۔ حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب نے اس کام کو اپنی علمی ترجیحات میں نمایاں جگہ دی ہے۔

 

اس علمی مہم میں ابو الکلام ریسرچ فاؤنڈیشن، پھلواری شریف، پٹنہ کے رفقاء کا تعاون بھی قابلِ ذکر رہا۔ سمینار کی تیاری سے لے کر مقالات کی ترتیب، اہلِ علم سے رابطوں اور مہمانوں کے انتظامات تک مختلف ذمہ داریوں میں اس کے وابستگان شریک رہے۔ مفتی محمد نافع عارفی صاحب ان میں ایک نمایاں علمی شخصیت ہیں۔ تصنیف و تالیف سے ان کی دل چسپی ان کی علمی زندگی کا اہم حصہ ہے؛ اب تک ان کے قلم سے تقریباً بیس کتابیں منظرِ عام پر آچکی ہیں۔ علمائے بہار کی خدماتِ حدیث پر ان کا ستر صفحات پر مشتمل مقدمہ بھی ان کی تحقیقی کاوشوں کا اہم نمونہ ہے۔ اس موضوع پر مواد جمع کرنے اور اسے مربوط انداز میں پیش کرنے کی ان کی کوشش ان کے علمی ذوق کی نشان دہی کرتی ہے۔

 

مولانا سید عادل فریدی صاحب بھی علمی کاموں میں اپنی متنوع صلاحیتوں کے ساتھ حصہ لیتے ہیں۔ اردو، انگریزی اور ہندی میں تحریر و ترجمہ کا کام انجام دیتے ہیں، جس سے مختلف زبانوں میں علمی مواد کی ترسیل میں مدد ملتی ہے۔ ان کی گفتگو اور برتاؤ میں سادگی اور بے تکلفی نمایاں ہے۔ علمی و ادبی کاموں میں دل چسپی اور زبانوں سے شغف ان کی شخصیت کے قابلِ قدر پہلو ہیں۔ ان دونوں حضرات نے سمینار کی تیاری میں خاصی محنت کی۔

 

عزیزم مولانا رضا اللہ قاسمی بھی اس پورے انتظامی و علمی سلسلے میں سرگرم رہے۔ ان کی گفتگو میں بے ساختگی اور مقامی لہجے کی شیرینی ایک خاص اپنائیت پیدا کرتی ہے۔ مجلس میں ان کی زندہ دلی کے ساتھ علمی موضوعات کی طرف ان کا رجحان بھی نمایاں رہتا ہے۔ مولانا فیضان قاسمی اور مفتی جمال الدین قاسمی مہمانوں کی آمد و رفت اور ان کی ضروریات کے انتظام میں مصروف رہے۔ خاص طور پر مسکراتے اور چہکتے ہوئے مہمانوں کا استقبال کرنا مفتی جمال الدین قاسمی صاحب کا ایک خاص اپنا انداز تھا۔ مختلف مواقع پر ان دونوں کی موجودگی اور کاموں میں ہاتھ بٹانے کا انداز قابلِ قدر تھا۔ مولانا نجم الہدیٰ قاسمی بھی سمینار کی مختلف سرگرمیوں میں شریک رہے۔ ان سب کی محنت اور باہمی تعاون نے اس بڑے اجتماع کے انتظامات کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھانے میں مدد دی۔

 

حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب کے گرد نوجوان اور باصلاحیت رفقاء کی یہ جماعت دیکھ کر خوشی ہوئی۔ بزرگوں کا علمی تجربہ جب نئی نسل کی محنت اور عملی سرگرمی سے جڑتا ہے تو کام کو دوام اور وسعت حاصل ہوتی ہے۔ اس اجتماع میں ان نوجوانوں کی موجودگی اسی امکان کی طرف اشارہ کرتی تھی۔

 

اس سفر کی ایک خوش گوار یاد بعض ایسی علمی شخصیات سے پہلی ملاقات بھی رہی جن سے اس سے پہلے بالمشافہ شرفِ ملاقات حاصل نہیں ہوا تھا۔ میرے کمرے اور سفر کے رفیق حضرت مولانا ابو الکلام قاسمی شمسی صاحب، سابق پرنسپل مدرسہ شمس الہدیٰ، پٹنہ تھے۔ آپ صاحبِ قلم ہونے کے ساتھ معروف مؤرخ بھی ہیں۔ سفر کی رفاقت میں ان کی علمی و تاریخی گفتگو سے استفادے کا موقع ملا۔ اس کے علاوہ صالحین علماء میں مولانا مفتی اختر امام عادل قاسمی، مولانا مفتی محمد عمر عابدین مدنی قاسمی، مولانا مفتی محمد خالد نیموی، مولانا مفتی سلیم الدین قاسمی صاحب، شیخ الحدیث مدرسہ چشمۂ فیض، ململ، مولانا مظفر احسن رحمانی، مولانا انس عباد قاسمی، مولانا آصف انظار ندوی، مولانا حماد غزالی، مولانا آفتاب عالم غازی، مولانا امان اللہ قاسمی نستوی، ڈاکٹر سرور عالم ندوی، پروفیسر مولانا مظہر الحق عربی فارسی یونیورسٹی، پٹنہ، پروفیسر شاہجہاں ندوی، خدابخش لائبریری اور ڈاکٹر مولانا محمد عالم قاسمی سے ملاقات ہوئی۔ ان کے علاوہ بھی بہت سے اہلِ علم سے شرفِ نیاز حاصل ہوا جن کے اسمائے گرامی اس وقت ذہن میں محفوظ نہیں رہ سکے؛ ان تمام حضرات سے معذرت خواہ ہوں۔

 

ان دو دنوں میں اہلِ علم کی محبت اور گفتگو سے استفادے کا موقع ملا؛ تاہم میرے لیے اس اجتماع کا سب سے قابلِ قدر پہلو اس کی علمی فضا تھی۔ فقہی مذاکرے میں جس سنجیدگی اور تہذیبِ مضامین کا مشاہدہ ہوا، اس نے اچھا تاثر قائم کیا۔ گفتگو میں موضوع کا احترام، ایک دوسرے کی بات سننے کا حوصلہ اور فرقِ مراتب میں شائستگی کا لحاظ نمایاں تھا۔ ایسی مجالس کی افادیت صرف پیش کیے گئے علمی مواد تک محدود نہیں رہتی، بلکہ وہ اہلِ علم کے درمیان مذاکرے اور تبادلۂ خیال کے ایک مہذب ذوق کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

 

سمینار کا ایک اور خوش گوار پہلو حضرت مولانا انیس الرحمن صاحب قاسمی کا خاندانی ماحول تھا۔ ان کے قابلِ قدر و قابلِ فخر فرزندان، انجینیر عبید الرحمن، نجیب الرحمن، ڈاکٹر سہیل احمد، انجینیر نقیب الرحمن، ڈاکٹر شان الرحمن اور ان کے سارے بھتیجے نیز دیگر عزیز و اقارب سمینار ہال سے طعام گاہ تک مہمانوں کی خدمت میں مصروف دکھائی دیے۔ ان حضرات نے مہمانوں کو اپنے والدِ گرامی اور چچا کے زیرِ سرپرستی قائم وسیع تعلیمی کیمپس کا دورہ بھی کرایا۔

 

تقریباً اٹھارہ برس کی مسلسل محنت سے وجود میں آنے والا یہ تعلیمی مرکز بارہ اداروں پر مشتمل ہے، جہاں معہد السلام، قانون، نرسنگ، بی ایڈ اور پیرا میڈیکل جیسے مختلف شعبے کام کر رہے ہیں۔ سیکڑوں طلبہ یہاں زیرِ تعلیم ہیں، جن میں ہندو، مسلم اور دلت سماج کے نوجوان بھی شامل ہیں۔ اس کیمپس کو دیکھ کر اندازہ ہوا کہ حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب کی عملی جدوجہد کا ایک اہم حصہ تعلیمی اداروں کی تعمیر و ترقی سے بھی وابستہ ہے۔

 

اس دو روزہ قیام میں ایک خیال بار بار ذہن میں ابھرتا رہا کہ بہار کے دینی اداروں میں علمی و تحقیقی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ عوامی جلسوں اور روایتی اجتماعات کی اپنی جگہ اہمیت ہے، لیکن علمی سمیناروں، تحقیقی مذاکروں، مخطوطات کی بازیافت، علمی شخصیات کے تذکروں اور تصنیفی منصوبوں کو بھی اداروں کے معمولات کا حصہ بننا چاہیے۔ جس سرزمین نے فقہ و حدیث کے ایسے رجال پیدا کیے ہوں، اس کے لیے اپنے ماضی پر فخر کرلینا کافی نہیں؛ اس میراث کو دریافت کرنا، اس کے منتشر اجزاء کو یکجا کرنا اور نئی نسل تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔

 

بہار کا علمی سرمایہ کسی تعارف کا محتاج نہیں، البتہ اس کی جامع بازیافت اور مستند تدوین کی ضرورت باقی ہے۔ اسلاف کے نام گنوانے سے علمی تاریخ زندہ نہیں ہوتی؛ ان کے کارناموں کو تلاش کرنا، ان پر تحقیق کرنا اور انہیں زمانے کے سامنے لانا پڑتا ہے۔ یہی وہ کام ہے جس کے لیے حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی مدظلہ نے قدم اٹھایا ہے۔ دعا ہے کہ یہ سلسلہ کسی ایک موضوع یا ایک سمینار تک محدود نہ رہے، بلکہ بہار کی علمی تاریخ کے مختلف ابواب یکے بعد دیگرے کھلتے چلے جائیں۔

 

وادیِ چمپا کا یہ سفر اپنے دامن میں بہت سی خوش گوار یادیں سمیٹے ہوئے ہے۔ بزرگوں کی محبت، اہلِ علم کی رفاقت، فقہی مباحث کی سنجیدگی، نوجوان علماء کی خوش طبعی اور اس تعلیمی کیمپس کا منظرنامہ، ان سب نے مل کر اس دو روزہ قیام کو میرے لیے یادگار بنا دیا۔ حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی مدظلہ کی محبت اور علمی رہنمائی، اور ابو الکلام ریسرچ فاؤنڈیشن کے رفقاء کی محنت، اس سفر کے وہ نقوش ہیں جو دیر تک ذہن و دل میں تازہ رہیں گے۔

 

اللہ تعالیٰ اس علمی سلسلے کو جاری و ساری رکھے، حضرت مولانا اور ان کے رفقاء کی مساعی کو شرفِ قبول عطا فرمائے، اور بہار کی اس زرخیز سرزمین کو ایسے اربابِ علم و تحقیق سے معمور رکھے جو اپنے اسلاف کے علمی ورثے کے امین بھی ہوں اور اپنے عہد کے علمی تقاضوں کے ترجمان بھی۔

Comments are closed.