نیپال میں مدارسِ اسلامیہ کے تعلیمی نظام کو فعال بنانے کے لیے اہم اجلاس؛ روتہٹ کے لیے خصوصی ضلعی کمیٹی تشکیل
انوار الحق قاسمی کی خصوصی رپورٹ
ملک نیپال میں قائم مدارس اسلامیہ عربیہ کے نظامِ تعلیم و تربیت کو مزید فعال بنانے کے لیے، صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ نیپال، مولانا محمد شوکت علی قاسمی مدنی کے حسبِ ارشاد، آج 8 نومبر 2026ء بروز اتوار، بمقام جامع مسجد گئور (دوستیاں ٹول، بال مندر کے پیچھے) بعد نمازِ ظہر ایک عظیم الشان میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں مدارس اسلامیہ عربیہ کے ذمہ داران اور کئی عبقری شخصیات نے شرکت کی۔
صدرِ محترم مولانا محمد شوکت علی قاسمی مدنی نے اپنے صدارتی بیان میں کہا کہ: "مربوط تمام مدارس اسلامیہ عربیہ کے امتحانات میں اجتماعیت اور نصاب میں یکسانیت نہایت ضروری ہے، کیوں کہ ان کے بغیر مطلوبہ نتائج کا حصول ناممکن ہے۔” حضرت صدرِ محترم نے مزید کہا کہ: "مدارس اسلامیہ کے اربابِ اختیار کو چاہیے کہ نئے فضلاء کی خوب حوصلہ افزائی کریں اور انہیں معقول مشاہرہ دیں، تاکہ وہ مطمئن اور یکسو ہو کر تدریسی خدمات انجام دے سکیں۔”
مدرسہ ندائے ملت (بھسہا، روتہٹ، نیپال) کے صدر المدرسین اور رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع روتہٹ نیپال کے نو منتخب صدر مولانا محمد وصی اللہ قاسمی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ: "تمام مدارس اسلامیہ عربیہ کے ذمہ داروں کو معیاری نظامِ تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیوں کہ جب تک تعلیم و تربیت کا معیار بلند نہیں ہوگا، اس وقت تک ہم اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہیں گے۔ اس لیے اس جانب فوری اور خصوصی پیش رفت وقت کی اہم ضرورت ہے۔”
اس میٹنگ میں رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ نیپال کی ایک ضلعی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جس میں مولانا محمد وصی اللہ قاسمی، مولانا عزیز الرحمن قاسمی اور مولانا انوار الحق قاسمی وغیرہ کے اسماءِ گرامی شامل ہیں۔
اس نو تشکیل شدہ کمیٹی کا بنیادی کام ضلع روتہٹ میں جاری مدارسِ اسلامیہ کے نظامِ تعلیم و تربیت کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ، ذمہ دارانِ مدارس کو مفید مشوروں اور گراں قدر تجاویز سے نوازنا ہے۔
اس میٹنگ میں اظہار خیالات کرنے والے معزز علماء کرام کے اسماء مندرجہ ذیل ہیں ۔
مولانا محمد عزرائیل مظاہری(ناظم جمعیت علماء نیپال) مولانا محمد شفیق الرحمٰن قاسمی (صدر مجلس تحفظ ختم نبوت نیپال) مولانا محمد ہارون مدنی(ناظم عمومی رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ نیپال) مولانا مفتی محمد شمیم اختر قاسمی مکی(جنرل سکریٹری جمعیت علماء نیپال) مولانا محمد جواد عالم مظاہری(کار گزار صدر جمعیت علماء روتہٹ نیپال) مولانا محمد درخشید انور(مرکزی رکن جمعیت علماء نیپال) مولانا عزیز الرحمن قاسمی،قاری محمد اسرافیل صاحب،مولانا محمد نور الاسلام قاسمی وغیرہم۔
Comments are closed.