۱۶؍ ستمبر کو حج ہائوس میں آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کا سالانہ اجلاس

تیسرے ٹرم کی صدارت کےلیے اقبال میمن آفیسر کے نام کا آفیشلی اعلان ہوگا
ممبئی(پریس ریلیز) پانچ سو میمن جماعتوں کی نمائندہ تنظیم آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کا سالانہ اجلاس پلٹن روڈ حج ہائوس ممبئی میں ۱۶؍ستمبر کو منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں ملک بھر کی میمن جماعتوں کے صدور، جنرل سکریٹری، ژونل سکریٹری کے علاوہ میمن برادری کی سرکردہ سیاسی، سماجی ، ملی ورفاہی شخصیات شریک ہوں گی۔ اجلاس میں امریکہ، بنگلہ دیش، دبئی، پرتگال، سعودی عربیہ، سمیت دیگر بیرون ممالک سے میمن کمیونٹی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس کا آغاز ۱۱ بجے صبح حضرت سید معین میاں اشرفی کی دعا سے شروع ہوگا، ایک بجے الیکشن کمشنر سہیل کھنڈوانی تیسرے ٹرم کی صدارت کےلیے اقبال میمن آفیسر کے نام کا اعلان کریں گے۔ ظہرانے کے بعد تین بجے اجلاس کی دوسری نشست ہوگی، جس میں ۲۰ معروف شخصیات کو ان کے کارہائے نمایاں کی وجہ سے ’فخرانسانیت‘ نامی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ بعد نماز مغرب اجلاس کی تیسری نشست ہوگی جو تقریباً ۹؍ بجے شب عشائیہ کے بعد اختتام پذیر ہوگی۔ اجلاس میں میمن جماعت فیڈریشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالنے کےعلاوہ میمن کمیونٹی کو اتحاد کے ساتھ ملک وملت کی ترقی کےلیے کام کرنے اور انہیں خود کفیل بنانے پر زور دیاجائے گا۔ واضح رہے کہ یکم؍ ستمبر کو پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ تھی، اس دن کسی نے بھی پرچہ نامزدگی نہیں داخل کی تھی، اس لیے اقبال میمن آفیسر اسی دن تیسرے ٹرم کی صدارت کےلیے بلا مقابلہ منتخب ہوگئے تھے،بس آفیشیلی اعلان باقی تھا جو ۱۶؍ستمبر کے اجلاس میں کیاجائے گا۔ اقبال میمن آفیسر نے پریس نوٹ میں بتایا کہ ان شاء اللہ تیسرے ٹرم کی صدارت کے دوران ممبئی میں ایک بڑے فلاحی پراجیکٹ کو شروع کرنے کے لیے بھی اجلاس میں صلاح ومشورہ کیاجائے گا۔
Comments are closed.