ڈاکٹر عبدالعزیز سلفی اتحاد امت کے علمبردار تھے : پروفیسر شکیل قاسمی
پٹنہ(پریس ریلیز)مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے نائب امیر، دارالعلوم احمدیہ سلفیہ دربھنگہ کے ناظم اعلی ڈاکٹر سید عبدالحفیظ سلفی کے فرزند اور جانشین ڈاکٹر سید عبدالعزیز سلفی بھی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، ان کا انتقال ملت کا خسارہ ہے۔ وہ اتحاد امت کے علمبردار تھے، ان کا علم گہرا اور اخلاق وسیع تھا۔ اپنے تعزیتی بیان میں مذکورہ خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فاران فاؤنڈیشن انڈیا کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ نے کہا کہ کئی بار فون پر ان سے ملی مسئلوں پر باتیں ہوئیں، ان کے دولت خانہ فرید ہاؤس، لہریا سرائے، دربھنگہ میں ان کے صاحبزادہ انجینیئر اسماعیل خرم کی موجودگی میں ڈاکٹر صاحب سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، مجھے اندازہ ہوا کہ کثرت مطالعہ اور وسعت معلومات کا سرمایہ ان کے پاس ہے، ان کی اخلاقی سطح بہت بلند تھی، اپنے گھر پر پرتکلف ضیافت کی اور مجھے رخصت کرتے وقت میرے بار بار روکنے کے بعد بھی اپنی معزوری کے باوجود ویل چیئر کے ذریعے گھر کے آخری گیٹ تک تشریف لائے، یہ تھی ان کی خاندانی وضع داری اور ان کا اخلاق کریمانہ، میں ان کی شفقت کے سرمائے کے ساتھ آبدیدہ ہو کر لوٹا۔ اللہ انہیں غریق رحمت کرے، پسماندگان کو صبر دے اور اداروں کو ترقیوں سے نوازے۔
Comments are closed.