ایودھیا:بابری مسجد کی جگہ رام مندر، ’جنوری میں کھول دیا جائے گا‘
نئی دہلی(ایجنسی) حکام کا کہنا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا پہلا مرحلہ دسمبر میں مکمل ہو جائے گا جسے آئندہ سال جنوری میں عقیدت مندوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق شری رام جنم بھومی مندر کی تعمیراتی کمیٹی کے چیئرمین نریپیندر مشرا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مندر کا گراؤنڈ فلور دسمبر 2023 میں مکمل ہو جائے گا اور مکمل ہو نے کے بعد جب مودی رام مندر کا دورہ کر لیں گے تو ہم عقیدت مندوں کو یہاں آنے کی اجازت دے دیں گے۔‘
یہ مندر ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ تعمیر ہو رہا ہے اور برسوں تک یہ جگہ متنازع رہی ہے کیونکہ یہاں ہندو اور مسلمان دونوں اس پر دعویٰ کرتے رہے ہیں۔
16ویں صدی کی اس مسجد پر ہندوؤں نے رام جنم بھومی ہونے کادعویٰ کیاتھا۔
کئی دہائیوں کے تنازعے کے بعد سپریم کورٹ نے 2019 میں ہندوؤں کے حق میں فیصلہ سنا دیا تھا اور جس جگہ مسجد موجود ہے، اس جگہ پر مندر بنانے کی اجازت دی تھی۔
برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی نے 1992 میں ہجوم کو متحرک کر کے مسجد کو شہیدکردیاتھا۔ بی جے پی کا دعوی تھا کہ یہ مسجد ’رام کی جائے پیدائش‘ پر بنی تھی۔
مسجد کی تباہی نے پورے ملک میں تشدد بھڑکا دیا تھا جس میں دو ہزار لوگ مارے گئے تھے جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔
گذشتہ ماہ رام مندر ٹرسٹ نے کہا تھا کہ ایودھیا میں مندر کی افتتاحی تقریبات اگلے سال جنوری میں ہوں گی اور تین روز تک جاری رہیں گی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس سے قبل ٹرسٹ ممبرز نے کہا تھا کہ اس ایونٹ کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کو خصوصی دعوت نامہ بھیجا جائے گا۔
Comments are closed.